پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی میوات کی بیٹی سامیہ آرزو سے رچائیں گے شادی
شعیب ملک کے بعد ایک اور پاکستانی کرکٹر ہندوستان سے دلہن لے جانے کی تیاری میں ہیں؟ ذرائع کے مطابق پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی جلد اپنے ساتھی شعیب ملک کی طرح ہندوستانی لڑکی سے شادی کرنے والے ہیں۔
پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی جن کو جنریٹر کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے وہ جلد ہی ہندوستان سے تعلق رکھنے والی ایک فلائٹ انجینئر سامیہ آرزو سے شادی کرنے والے ہیں۔ آرزو امارات ائیرلائنس میں انجینئر ہیں۔
تاہم اس حوالے سے خود حسن علی کی جانب سے تاحال کوئی تصدیق، تردید یا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ذرائع کے مطابق 20 اگست کو ان کا نکاح دبئی میں ہوگا۔ سامیہ آرزو کے والد لیا قت علی نے بتایا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کے لئے 17 اگست کو دبئی کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ سامیہ کے خاندان کے جو لوگ دبئی جانے والے ہیں ان میں ان کے بھائی اکبر علی، بھابی رئیسہ، بہنوئی الطاف، بہن بلقیس، انیس احمد، ممتاز، قیصر سمیت کئی افراد شامل ہیں۔ آرزو کے نکاح کی تقریب دبئی کے جمیرہ کے اٹلانٹس ہوٹل میں ہوگی۔
لیاقت علی نے کہا کہ بیٹی کی شادی تو کرنی ہے اب وہ چاہے دنیا کے کسی بھی حصہ میں ہو، بس داماد اچھا ہونا چاہیے اور دونوں خوش رہیں۔ ویسے لیاقت علی کے کافی رشتہ دار تقسیم کے وقت پاکستان چلے گئے تھے۔ سامیہ آرزو ہندوستان کے میوات ضلع کے نوح علاقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔
واضح رہے حال ہی میں یہ دوسری شادی ہو گی جب کوئی پاکستانی کھلاڑی اپنی شریک حیات ہندوستان سے لے کر جائے گا۔ اس سے قبل شعیب ملک نے ہندوستان کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے دو عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی ہندوستانی خواتین سے شادی کی ہے۔ اس شادی کے بعد حسن علی بھی شعیب ملک، عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان کے کلب میں شامل ہو جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Jul 2019, 11:10 AM