پاکستان: راولپنڈی کی پچ کو آئی سی سی نے اوسط سے نیچے کے زمرے میں رکھا
آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پچ کو اوسط سے نیچے کے زمرے میں رکھنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پچ مانیٹرنگ کے طریقہ کار کے تحت راولپنڈی کو ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ ملا ہے۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کو اوسط سے نیچے کے زمرے میں رکھا ہے۔ آئی سی سی نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پچ کو اوسط سے نیچے کے زمرے میں رکھنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پچ مانیٹرنگ کے طریقہ کار کے تحت راولپنڈی کو ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ ملا ہے۔
اپنی پچ رپورٹ میں، پائی کرافٹ نے کہا، "یہ پچ بہت سپاٹ تھی جس کی وجہ سے کسی بھی طرح کے گیندباز کو کوئی مدد نہیں ملی۔ یہ بلے بازوں کے تیزی سے رن بنانے اور بڑا اسکور بنانے کی بڑی وجہ تھی۔ میچ کے دوران پچ مشکل سے خراب ہوئی۔ کیونکہ پچ سے گیند بازوں کو نہ کے برابر مدد ملی، میں اس پچ کو آئی سی سی کے رہنما خطوط کے مطابق ’اوسط سے نیچے‘ قرار دیتا ہوں۔
یہ راولپنڈی کا دوسرا ڈیمیرٹ پوائنٹ ہے، جبکہ مارچ 2022 میں بھی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے لیے استعمال ہونے والی پچ کو 'ایوریج سے کم' قرار دیا گیا تھا۔ آئی سی سی کی پچ اور آؤٹ فیلڈ کی نگرانی کے عمل کے تحت گراؤنڈ کو لگاتار دو میچوں میں دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ملے ہیں۔ اگر راولپنڈی کو مزید ڈیمیرٹ پوائنٹس ملتے ہیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کا حق کھو سکتا ہے۔ ڈیمیرٹ پوائنٹس پانچ سال کی مدت تک فعال رہتے ہیں۔ جب کسی مقام کے پانچ ڈیمیرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں، تو اسے 12 ماہ کی مدت کے لیے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے معطل کر دیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔