ٹی-20 عالمی کپ: پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں پہنچا پاکستان
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بدھ کے روز آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی، اب پاکستان کا مقابلہ فائنل میں ہندوستان یا انگلینڈ سے ہوگا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم (53 رن) اور محمد رضوان (57 رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں بدھ کو آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کے 152 رنوں کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے 19.1 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 153 رن بنا کر کامیابی کے ساتھ ہدف حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ اور مشیل سینٹنر نے ایک وکٹ لیے۔
آج جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لڑکھڑاتی دکھائی دی تو ایسا لگا جیسے ٹاس ہارنا پاکستان کے حق میں چلا گیا۔ دوسری پاری میں گیند بہت اچھی طرح بلے پر آ رہی تھی۔ رضوان کی پاری غضب کی تھی اور بابر کا فارم میں لوٹنا بھی پاکستان کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ نیوزی لینڈ نے آج فیلڈنگ اور گیندبازی کے شعبہ میں بھی اچھی کارکردگی نہیں کی۔ تیز گیندباز نے لگاتار غلط لینتھ پر گیندبازی کی اور کیچ کے تقریباً تین مواقع فیلڈرس نے گنوا دیئے۔
ہدف کا پیچھا کرنے اتری پاکستانی ٹیم نے شاندار شروعات کی۔ ان کے سلامی بلے باز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے تیز شروعات دیتے ہوئے پاور پلے میں بغیر وکٹ گنوائے 65 رن بنا دیئے۔ دونوں ہی بلے بازوں نے آگے بھی اس طرح کی بلے بازی جاری رکھی اور عالمی کپ میں پہلی سنچری شراکت داری کی۔
اس کے بعد بابر اعظم نے 38 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن تیزی رفتاری سے ہدف کا پیچھا کرنے کی کوشش میں 12.2 اوور میں بولٹ کی گیند پر 53 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس درمیان دوسرے سرے پر رضوان نے کچھ اچھے شاٹ کھیلے جس سے انھوں نے بھی 36 گیندوں میں نصف سنچری لگائی، جس سے پاکستان فائنل کے قریب پہنچ گیا۔ لیکن رضوان بھی 5 چوکے کی مدد سے 43 گیندوں میں 57 رن بنا کر بولٹ کے ہی شکار بن گئے جس سے پاکستان نے 17 اوور میں 136 رنوں پر اپنا دوسرا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد محمد حارث نے کچھ اچھے شاٹ کھیلے، لیکن جب جیت کے لیے 2 رن کی ضرورت تھی تو وہ 30 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اب پاکستان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں جیت حاصل کرنے والی ٹیم سے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل 10 نومبر کو ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔