پاکستان عالمی کپ کے لیے ہندوستان آنے کو رضامند، لیکن پہلے پاکستان کی سیکورٹی ٹیم کا ہوگا دورہ!
پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے لیے ہندوستان کا دورہ کرے گی، لیکن اس سے پہلے پاکستان ایک سیکورٹی ٹیم ہندوستان بھیجے گا، یہ ٹیم ان مقامات کی جانچ کرے گی جہاں عالمی کپ کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔
رواں سال ہونے والے کرکٹ عالمی کپ کو لے کر ایک اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ پاکستان اپنی ٹیم ہندوستان بھیجنے کے لیے راضی ہو گیا ہے، لیکن پاکستانی ٹیم کے دورہ سے پہلے پاکستان کی ایک سیکورٹی ٹیم ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ یہ سیکورٹی ٹیم ہندوستان میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد مشورہ دے گی کہ کس مقام پر پاکستانی ٹیم کو کھیلنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ سے جڑے کچھ افسران نے پہلے ہندوستان میں ہونے والے عالمی کپ سے ہٹنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ بیانات اس وقت آئے تھے جب بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی، بلکہ ایشیا کپ نیوٹرل وینو پر ہوگا تبھی ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ میں شریک ہوگی۔ اس کے بعد سے ہی پاکستان نے اکتوبر ماہ میں ہندوستان میں ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹ سے ہٹنے کی دھمکی دینی شروع کر دی تھی۔ لیکن اب پاکستان بورڈ نے اپنا رخ نرم کیا ہے اور آئی سی سی کو صاف کر دیا ہے کہ ٹیم ہندوستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے لیے ہندوستان کا دورہ کرے گی، لیکن اس سے پہلے پاکستان ایک سیکورٹی ٹیم ہندوستان بھیجے گا۔ یہ ٹیم ان مقامات کی جانچ کرے گی جہاں عالمی کپ کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکورٹی یقینی بنانا چاہتی ہے، ٹھیک اسی طرح جیسا کہ 2016 کے ٹی-20 عالمی کپ کے دوران کیا گیا تھا۔ اس وقت پاکستان کی سیکورٹی ٹیم نے ہندوستان اور پاکستان مقابلے کی جگہ بدلنے کی گزارش کی تھی، جس کے بعد مقابلہ کولکاتا میں منتقل کیا گیا تھا۔ اگر اکتوبر 2023 میں ہونے والے عالمی کپ میں کسی اسٹیڈیم کو لے کر پاکستانی سیکورٹی ٹیم کو کوئی اندیشہ ہوگا، تو پاکستانی ٹیم وہاں کھیلنے سے پرہیز کر سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔