ٹیم انڈیا پر چڑھا زعفرانی رنگ، محمد شامی نے بھی کھنچوائی نئی جرسی میں تصویر

ہندوستان کا مقابلہ 30 جون کو انگلینڈ کے ساتھ ہے اور لوگ جاننا چاہتے تھے کہ اس میچ میں ہندوستانی کھلاڑی کس طرح کا لباس پہن کر اتریں گے۔ اب ہندوستانی ٹیم کی نئی بھگوا جرسی کی تصویر منظر عام پر آگئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جس بھگوا لباس کا تذکرہ گزشتہ کچھ ہفتوں میں زور و شور سے ہو رہا ہے، وہ اب منظر عام پر آ گیا۔ یہ لباس آگے سے نیلا اور بازو و پیچھے کا حصہ بھگوا رنگ میں رنگا ہے۔ پائجامہ کا رنگ پوری طرح نیلا ہے۔ بی سی سی آئی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس نئے لباس کی تصویر کو ٹوئٹ کیا ہے۔ لیکن قابل غور ہے کہ یہ لباس ہندوستان صرف انگلینڈ کے خلاف میچ میں پہنے گی کیونکہ انگلینڈ اور ہندوستان دونوں ہی ٹیموں کا لباس نیلا ہی ہے، اور آئی سی سی کے ضابطوں کے مطابق ایک میچ میں دونوں ہی ٹیم ایک رنگ کا لباس پہن کر میدان میں نہیں اتر سکتی۔

آئی سی سی کے قوانین و ضوابط کی وجہ سے ہی عالمی کپ شروع ہونے کے بعد قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا تھا کہ میزبان انگلینڈ کے خلاف ہندوستانی ٹیم کس طرح کا لباس پہن کر اترے گی۔ پھر میڈیا میں یہ خبر بھی گشت کرنے لگی کہ بھگوا رنگ کا لباس ہندوستان کے لیے تیار کیا گیا ہے جو 30 جون کو انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں ہندوستانی ٹیم پہنے گی۔


ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے اپنے اس لباس یعنی جرسی کو پہن کر اپنی ایک تصویر ذاتی ٹوئٹ ہینڈل سے شیئر کیا ہے اور ہندوستانی ٹیم کے تیز گیندباز محمد شامی نے بھی اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ لوکیش راہل کے ساتھ ہیں۔ محمد شامی نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ہے ’’نئی جرسی میں اگلے میچ کے لیے تیار۔‘‘ کرکٹ ورلڈ کپ ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’اس کِٹ کے بارے میں آپ کیا سوچتے ہیں؟‘‘ تصویر میں نئی جرسی پہنے وراٹ کوہلی، مہندر سنگھ دھونی اور ہاردک پانڈیا نظر آ رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ کچھ دنوں پہلے ہی آئی سی سی نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’بی سی سی آئی کو رنگ کے کئی متبادل دیے گئے تھے اور انھوں نے وہی چنا جو انھیں جرسی کے رنگ کے ساتھ بہتر لگا۔ یہ اس لیے کرنا پڑا کیونکہ انگلینڈ کی ٹیم بھی ہندوستان کی طرح نیلے رنگ کا ہی جرسی پہنتی ہے۔ یہ ڈیزائن ہندوستان کی پرانی ٹی-20 جرسی سے لیا گیا ہے، جس میں نارنگی رنگ تھا۔‘‘ لیکن اس ٹوئٹ میں آئی سی سی نے نئی جرسی کی تصویر نہیں دی تھی، اس لیے لوگوں میں تجسّس تھا کہ آخری اس کا ڈیزائن کیا ہوگا۔ بس اتنا ظاہر ہو گیا تھا کہ جرسی میں نارنگی یعنی بھگوان رنگ کا استعمال ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2019, 4:10 PM