آف اسپنرس کا جلوہ! ہندوستان میں واشنگٹن سندر اور پاکستان میں ساجد خان نے حریف ٹیموں کو کیا پست

ایک طرف ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں واشنگٹن سندر نے 59 رن دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دوسری طرف پاکستان اور انگلینڈ کے میچ میں ساجد خان نے 128 رن پر 6 وکٹ لیے۔

<div class="paragraphs"><p>ساجد خان (دائیں) اور واشنگٹن سندر (بائیں)، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/Sport360">@Sport360</a></p></div>

ساجد خان (دائیں) اور واشنگٹن سندر (بائیں)، تصویر@Sport360

user

تنویر

ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی کرکٹ ٹیموں کے لیے آج ’آف اسپنرس‘ انتہائی مفید ثابت ہوئے۔ ہندوستانی سرزمین پر کھیلے جا رہے ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ میں آف اسپنر واشنگٹن سندر نے 59 رن پر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کیویوں کی حالت خراب کر دی، اور پاکستانی سرزمین پر کھیلے جا رہے پاکستان بمقابلہ انگلینڈ میچ میں آف اسپنر ساجد خان نے 128 رن پر 6 وکٹ لے کر انگلینڈ کو پست کر دیا۔ نیوزی لینڈ جہاں پہلی اننگ میں 259 رن بنانے میں کامیاب ہوئی، وہیں انگلینڈ 267 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔

آئیے پہلے بات کرتے ہیں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پونے میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی۔ آج پہلے دن کیوی ٹیم 259 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی اور جواب میں ہندوستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 16 رن بنا لیے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سلامی بلے بازوں لیتھم اور کانوے نے ٹھیک ٹھاک شروعات بھی دے دی تھی، لیکن جیسے ہی اسپن گیندبازی شروع ہوئی مشکلات صاف دکھائی دینے لگیں۔ ٹام لیتھم (15 رن)، وِل ینگ (18 رن) اور ڈیون کانوے (76 رن) کو روی چندرن اشون نے پویلین بھیجا، اور پھر واشنگٹن سندر نے اپنا جادو دکھایا۔ انھوں نے آخر کے 7 وکٹ، یعنی رچن رویندر (65)، ٹام بلنڈل (3)، ڈیرل مشیل (18)، گلین فلپس (9)، ٹم ساؤتھی (5)، اعجاز پٹیل (4) اور مشیل سینٹنر (33) کو اپنے آف اسپن میں پھنسایا۔ ظاہر ہے باقی کسی بھی گیندباز کو وکٹ نہیں ملا۔ جسپریت بمراہ اور آکاش دیپ نے تو ویسے بھی زیادہ گیندبازی نہیں کی، لیکن 18 اوورس پھینکنے والے اسپن گیندباز رویندر جڈیجہ بھی وکٹ سے محروم رہے۔


اب آئیے پاکستان اور انگلینڈ کے مقابلے پر سرسری نظر ڈالتے ہیں۔ ٹاس انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے جیتا اور نیوزی لینڈ کی ہی طرح پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے وکٹ کے لیے زیک کراؤلی اور بین ڈکیٹ نے 56 رنوں کی شراکت داری بھی کر دی تھی، لیکن پھر 42 رنوں کے اندر 5 وکٹ گر گئے۔ وکٹ لینے کی شروعات بائیں ہاتھ کے آرتھوڈاکس اسپن گیندباز نعمان علی نے زیک کراؤلی (29 رن) کو آؤٹ کر کیا۔ اس کے بعد آف اسپنر ساجد خان نے اولی پوپ (3) اور جو روٹ (5) کو سستے میں پویلین بھیج دیا۔ دونوں ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ دوسرے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ (52 رن) کو نعمان علی نے صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ بعد ازاں ہیری بروک 5 رن بنا کر ساجد خان کا ہی شکار بن گئے۔ کپتان بین اسٹوکس (12 رن) بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور ساجد خان کے چوتھے شکار بن گئے۔

انگلینڈ کے 6 وکٹ محض 118 رن پر گر گئے تھے، لیکن ساتویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ اور گس ایٹکنسن کے درمیان بہت اہم 105 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ اس شراکت داری کو نعمان علی نے گس ایٹکنسن (39 رن) کو آؤٹ کر کے توڑی۔ پھر لگاتار وقفہ پر وکٹ گرتے رہے اور جیمی اسمتھ (89 رن) کو لیگ اسپنر زاہد محمود نے اور ریحان احمد (9 رن) و جیک لیچ (16 رن) کو ساجد خان نے پویلین بھیج کر انگلش ٹیم کو 267 رنوں تک سمیٹ دیا۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 128 رن دے کر 6 کھلاڑیوں کو اور نعمان علی نے 88 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زاہد محمود نے 44 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔


پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں آج کا کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹ کے نقصان پر 73 رن بنا لیے ہیں۔ سلامی بلے بازوں عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے بالترتیب 14 اور 19 رنوں کا تعاون کیا ہے۔ کامران غلام محض 3 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان شان مسعود اور سعود شکیل 16-16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جیک لیچ، گس ایٹکنسن اور شعیب بشیر کے حصے میں 1-1 وکٹ آئے ہیں۔