نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو بدترین شکست کا سامنا
پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 10 وکٹ کے بڑے فرق سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
ویلنگٹن: دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم انڈیا کو اپنے بلے بازوں کی شرمناک کردگی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میچ کے چوتھے ہی دن پیر کو 10 وکٹ سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان نیوزی لینڈ نے اپنی تاریخ کی 100 ویں ٹسٹ جیت درج کی اور دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
ہندوستان نے چار وکٹ پر 144 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھا یا لیکن اس کے بلے باز وکٹ پر ٹکنے کا کوئی جذبہ نہیں دکھا سکے اور اس کی دوسری اننگز محض 191 رنز پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کو نو رن کا ہدف ملا جو اس نے 1.4 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کو اس جیت سے آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں 60 پوائنٹس حاصل ہوئے جبکہ ہندوستان کو چمپئن شپ میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تیز گیند باز ٹم ساؤتھی نے 61 رن پر 5 وکٹ اور ٹرینٹ بولٹ نے 39 رن پر چار وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز کو تہس نہس کر دیا۔ہندوستان نے چوتھے دن اپنے باقی چھ وکٹ صرف 47 رن جوڑ کر گنوا دئیے۔ میچ میں کل نو وکٹ لینے والے ساؤتھی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
نیوزی لینڈ نے اس طرح ہندوستان کے خلاف تیسری بار ٹسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے اس سے پہلے 1989/90 میں کرائسٹ چرچ میں اور 2002/03 میں ویلنگٹن میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہندوستان نے چار وکٹ پر 144 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور امید تھی کہ ناٹ آؤٹ بلے باز اور نائب کپتان اجنکیا رہانے اور هنوما وهاری کچھ جدوجہد کریں گے لیکن ٹاپ آرڈر کی طرح انہوں نے بھی مایوس کیا۔ رہانے نے 25 اور هنوما وهاری نے 15 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندوستان کے اسکور میں ابھی چار رن جوڑے ہی گئے تھے کہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بولٹ نے رہانے کو وکٹ کیپر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔
رہانے نے 75 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 29 رن بنائے۔ هنوما اپنے کل کے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کر سکے اور ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ هنوما نے 79 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رن بنائے۔ آف اسپنر روی چندرن اشون چار رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ہندوستان نے 14 رنز کے وقفے میں تین وکٹ گنوا دئیے اور اس کا اسکور سات وکٹ پر 162 رن ہو گیا۔
وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایشانت شرما کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 26 رن جوڑے لیکن اس کے بعد تین رن کے اندر ہندوستان کے باقی تین وکٹ بھی نکل گئے اور ہندوستان کی اننگز 191 رنز پر سمٹ گئی۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ایشانت کو ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ ساؤتھی نے اننگز کے 81 ویں اوور میں رشبھ پنت اور جسپريت بمراه کا وکٹ نکال کر ہندوستان کو شرمناک شکست کی جانب دھکیل دیا۔پنت نے 41 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 25 رنز اور ایشانت نے 21 گیندوں میں دو چوکوں کے سہارے 12 رن بنائے۔ ساؤتھی نے 21 اوور میں 61 رن پر پانچ ، بولٹ نے 22 اوور میں 39 رن پر چار اور گرینڈ ہوم نے 16 اوور میں 28 رن پر ایک وکٹ لیا۔
نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے محض 9 رنوں کا ہدف ملا ، جو انہوں نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 14 اوور وں میں حاصل کرلیا۔ ٹام لاتھم سات اور ٹام بلینڈیل نے ناٹ آؤٹ دو رن بنائے۔ ایشانت اور بمراہ نے ایک ایک اوور پھینکا لیکن وکٹیں لینے میں ناکام رہے۔ نیوزی لینڈ نے اس طرح اپنے ٹیسٹ تاریخ کی 100 ویں جیت 41 ویں ٹیسٹ میں جاکر حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ ٹیسٹ میں 1ٍ00 ویں فتح حاصل کرنے والا ساتواں ملک بن گیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان سے ٹی -20 سیریز 5۔0 سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ون ڈے سیریز0۔3 سے کلین سویپ کرنے کے بعد پہلا ٹیسٹ 10 وکٹ سے جیت لیا۔
وراٹ کوہلی کی کپتانی میں یہ دوسرا موقع ہے جب انڈیا نے پہلے بلے بازی کی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل ہندوستان 2018 میں انگلینڈکے خلاف لارڈ س میں ایک پاری اور 159 رنوں سے ہارا تھا۔ میچ تین دنوں میں ہی ختم ہوگیا، میزبان ٹیم نے چوتھے دن کے پہلے ہی سیشن میں ہندوستانی ٹیم کو آؤٹ کردیا حالانکہ میچ کے پہلے اور دوسرے دن کے آخری سیزن کا کھیل خراب موسم کی وجہ سے متاثر رہا تھا ۔
ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے پہلے اپنے گزشتہ سات ٹیسٹ اننگز یا 200 رنوں سے زائد فرق سے جیتے تھے لیکن ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ نے وراٹ کوہلی اینڈ کمپنی کے غرور کو چکناچور کر دیا۔ انڈیا کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آٹھ میچوں میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ وہ 360 پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر ہے ۔ نیوزی لینڈ کی چھ میچوں میں یہ دوسری فتح ہے اور وہ 120 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں مقام پر آگیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔