کین ولیمسن ٹسٹ بلے بازی رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچے، کوہلی اور اسمتھ کو پیچھے چھوڑا
ولیمسن کو پاکستان کے خلاف ماونٹ مونگانوئی میں پہلے ٹسٹ میں سنچری اننگز کھیلنے کا فائدہ ملا۔ انہیں 13 ریٹنگ پوائنٹ ملے اور وہ وراٹ اور اسمتھ کو پیچھے چھوڑ کر پہلے پائیدان پر پہنچ گئے ہیں۔
دبئی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت 90 برسوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹسٹ رینکنگ میں نمبر ایک ٹیم بن گئی ہے اور اس کے 24 گھنٹے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ہندوستان کے وراٹ کوہلی اور آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ کو پیچھے چھوڑ کر ٹسٹ بلے بازی رینکنگ میں نمبر ایک بلے باز بن گئے۔
ولیمسن کو پاکستان کے خلاف ماونٹ مونگانوئی میں پہلے ٹسٹ میں سنچری اننگز کھیلنے کا فائدہ ملا۔ انہیں 13 ریٹنگ پوائنٹ ملے اور وہ وراٹ اور اسمتھ کو پیچھے چھوڑ کر پہلے پائیدان پر پہنچ گئے ہیں۔ جمعرات کے روز جاری تازی ٹسٹ رینکنگ میں وارٹ اپنی دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ اسمتھ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے چوٹی کا مقام گنواکر تیسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔
کپتان کین ولیمسن رینکنگ میں وراٹ سے 11 پوائنٹ اور اسمتھ سے 13 پوائنٹ آگے ہوگئے ہیں۔ ولیمسن کے 890 پوائنٹ، وراٹ کے 879 پوائنٹ اور اسمتھ کے 877 پوائنٹ ہیں۔ وراٹ آسٹریلیا میں پہلا ٹسٹ کھیلنے کے بعد وطن لوٹ چکے ہیں اور ان کی جگہ اجنکیا رہانے ٹیم کے کپتان ہیں۔
میلبورن میں اپنی کپتانی میں ہندوستان کو آٹھ وکٹ سے جیت دلانے والے رہانے نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 112 اور ناٹ آوٹ 27 رنز کی اننگز کی بدولت پانچ پائیدان کی بہتری کی ہے اور وہ ٹاپ 10 بلے بازوں میں پھر سے شامل ہوگئے ہیں۔ رہانے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور گزشتہ سال اکتوبر میں پانچویں پوزیشن کی اپنی بہترین رینکنگ سے ایک نمبر پیچھے ہیں۔ ااسپنر روی چندرن اشون کو میلبورن میں اپنے پانچ وکٹ کی کارکردگی کا فائدہ ملا ہے اور وہ دو مقام کی اصلاح کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ تیزگیند باز جسپریت بمراہ نویں پوزیشن پر ہیں۔
میلبورن میں دوسرے ٹسٹ میں 57 رن بنانے کے علاوہ تین وکٹ حاصل کرنے والے آل راونڈر رویندر جڈیجہ آل راونڈر رینکنگ میں اپنی تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں لیکن انہوں نے دوسرے نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر سے اپنے پوائنٹ کا فاصلہ کم کرتے ہوئے سات پوائنٹ کرلیا ہے۔ ہولڈر کے 423 اور جڈیجہ کے 416 پوائنٹ ہیں۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس 446 پوائنٹ کے ساتھ چوٹی پر برقرار ہیں۔
جڈیجہ کو باکسنگ ڈے ٹسٹ میں بہترین کارکردگی کا فائدہ ملا اور وہ بالترتیب گیارہ اور چار مقام کے اصلاح کےساتھ بلے بازی اور رینکنگ میں 36 ویں اور 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ میلبورن میں یادگار ٹسٹ ڈیبیو کرنے والے اور ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے سلامی بلے باز شبھمن گل اور تیزگیند باز محمد سراج نے ٹسٹ رینکنگ میں بالترتیب 76 ویں اور 77 ویں نمبر پر قدم رکھا ہے۔
ہندوستان کے سب سے تجربہ کار بلے باز چتیشور پجارا کو میلبورن میں مایوس کن کارکردگی کے سبب دو مقام کا نقصان اٹھانا پڑا اور وہ 10 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز مشیل اسٹارک میلبورن میں چار وکٹ حاصل کرنے کی بدولت اپنی بہترین پانچویں رینکنگ کی برابری پر پہنچ گئے ہیں۔ میتھیو ویڈ 55 ویں سے 50 ویں نمبر آگئے ہیں جبکہ کیمرون گرین 36 پوائنٹ کے اصلاح کے ساتھ 115 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ولیمسن نے سال کے آخر میں اسمتھ کو پیچھے کرتے ہوئے نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اسمتھ کو میلبورن میں صفر اور آٹھ رن بنانے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر تین مقام کی بہتری کے ساتھ 14 ویں نمبر پر آگئے جبکہ تیزگیندباز کائل جیمسن پانچ وکٹوں کی بدولت 30 ویں نمبر پر آ گئے۔
پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے فواد عالم 80 مقامات کی بہتری کے ساتھ 102 ویں نمبر پر آگئے ، جبکہ کپتان محمد رضوان اپنی 71 اور 60 رنز کی اننگزکی بدولت 27 مقام کی بہتری کے ساتھ کیریئر کی بہترین 47 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ سینچورین میں 199 رنز کی اپنی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسیس 14 مقامات کی بہتری کے ساتھ 21 ویں نمبر پر آ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔