بلے بازی میں بدترین مظاہروں میں سے ایک: روہت
روہت نے اپنے 200 ویں ون ڈے میں شکست کے بعد کہا کہ طویل عرصے بعد بلے بازی میں یہ ہمارے بدترین مظاہروں میں سے ایک ہے۔ ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی، آپ کو نیوزی لینڈ کے گیند بازوں کو کریڈٹ دینا ہوگا۔
ہیملٹن: نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات کو سیریز کے چوتھے ون ڈے میں آٹھ وکٹ سے ملی شرمناک شکست کے بعد ہندوستان کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے اسے طویل عرصے کے بعد بلے بازی میں بدترین مظاہروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
روہت نے اپنے 200 ویں ون ڈے میں شکست کے بعد ایوارڈ کی تقریب میں کہا کہ طویل عرصے بعد بلے بازی میں یہ ہمارے بدترین مظاہروں میں سے ایک ہے۔ ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی، آپ کو نیوزی لینڈ کے گیند بازوں کو کریڈٹ دینا ہوگا۔ یہ ان کا شاندار کارکردگی ہے۔ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں چوتھا ون ڈے کھیل رہی ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم محض 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کا سامنا نہیں کر سکی اور 30.5 اوور میں 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اپنا 200 واں ون ڈے کھیل رہے ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت کچھ خاص نہیں کر سکے اور 23 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کا یہ ساتواں سب سے کم از کم اسکور ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں ہندستان کا سب سے کم اسکور 54 رنز ہے جو اس نے سال 2000 میں شارجہ میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ روہت نے کہا کہ ٹیم انڈیا کے بلے باز سیڈن پارک کی بہتر وکٹ پر بلے بازی کرنے میں ناکام رہے۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ کچھ سیکھنے جیسا ہے۔ کبھی کبھی آپ کو دباؤ کا سامنا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کے لئے ہمیں خود کو مجرم ٹھہرانا ہو گا۔
روہت نے کہا کہ ایک وقت سبھی چیزیں بہتر نظر آرہی تھیں۔ ہمیں کریز پر ٹک کر کھیلنا چاہیے تھا۔ اگر ہم صبر دکھاتے تو چیزیں آسان ہو جاتیں۔ لیکن ہم نے کچھ خراب شاٹ کھیلے جس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔جب گیند سوئنگ ہو رہی ہوتی ہے تو کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ کیا غلط ہوا۔ ایسا وقت آتا ہے جب ہمیں سوئنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب آپ اپنے ملک کے لئے کھیل رہے ہوتے ہیں، تو بہترین کارکردگی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا کہ اچھی ٹیمیں اپنا کام بہتر طریقے سے کرتی ہیں لیکن آج ہم نے اپنا کام ٹھیک سے نہیں کیا۔ ہندوستان میچ میں 100 سے نیچے آؤٹ ہوا اور یہ ساتویں بار ہے جب ٹیم انڈیا 50 اوور کے میچ میں 100 رنز سے نیچے آؤٹ ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔