ممبئی کی اتراکھنڈ پر تاریخی جیت، فرسٹ کلاس کرکٹ کا 93 سالہ ریکارڈ منہدم
ممبئی نے فرسٹ کلاس کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی، اس نے اتراکھنڈ کو 725 رنز سے شکست دے کر 93 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کر لیا
کرنول: دھول کلکرنی، شمس ملانی اور تنوش کوٹیان کی عمدہ گیند بازی کی بدولت ممبئی نے رنجی ٹرافی کوارٹر فائنل کی چوتھی اننگ میں اتراکھنڈ کو صرف 69 رن پر آل آؤٹ کرکے 725 رنوں سے جیت درج کی۔ رنوں کے لحاظ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل 1929-30 میں نیو ساؤتھ ویلز نے کوینز لینڈ کو 685 رنوں سے شکست دی تھی اور اب 93 سال بعد ممبئی نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
میچ کے چوتھے دن اتراکھنڈ 795 رنز کے بڑے اسکور کا تعاقب کرنے اتری۔ کلکرنی نے دو رن کے اسکور پر دونوں سلامی بلے بازوں کو صفر پرآوٹ کردیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے کنال چندیلا نے 21 اور وکٹ کیپر شیوم کھرانہ نے 25 رن جوڑے لیکن ان کے علاوہ اتراکھنڈ کا کوئی بھی بلے باز 10 رن بھی نہ بنا سکا اور پوری ٹیم محض 69 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ممبئی کی جانب سے کلکرنی، ملانی اور کوٹیان نے تین تین وکٹ لئے جبکہ موہت اوستھی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس سے قبل ممبئی کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سوید پارکر نے پہلی اننگ میں 252 رن بنائے تھے، جب کہ سنہری فارم میں چل رہے سرفراز خان نے 153 رنوں کی اننگ کھیلی۔ دوسری اننگ میں ممبئی کے اوپنر یشسوی جیسوال نے 103 رنوں کی سنچری اننگ کھیلی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔