چنئی سپر کنگس میں بڑا الٹ پھیر، مہندر سنگھ دھونی نے چھوڑی کپتانی، جڈیجہ کو ملی ذمہ داری

رویندر جڈیجہ چنئی سپر کنگس کے تیسرے کپتان ہوں گے، آئی پی ایل کے پہلے سیزن یعنی 2008 سے مہندر سنگھ دھونی ہی ٹیم کی کپتانی سنبھال رہے تھے، 6 میچوں میں سریش رینا نے چنئی سپر کنگس کی کپتانی کی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل کا نیا سیزن شروع ہونے سے پہلے چنئی سپر کنگس میں ایک بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملا ہے۔ چنئی سپر کنگس یعنی سی ایس کے کو بلندیوں پر پہنچانے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ٹیم نے رویندر جڈیجہ کو نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ دھونی بطور کھلاڑی چنئی سپرکنگس کے لیے کھیلتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ چنئی ٹیم نے اس بار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور مہندر سنگھ دھونی سمیت چار کھلاڑیوں کو ریٹین کیا تھا۔ جڈیجہ کو فرنچائزی نے 16 کروڑ روپے میں ریٹین کیا تھا۔ جب کہ دھونی کو اس سیزن کے لیے 12 کروڑ روپے میں ہی ریٹین کیا۔ اس کے بعد یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ مہندر سنگھ دھونی نے اگر کپتانی سے خود کو الگ کیا تو جڈیجہ نئے کپتان بنائے جا سکتے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ معین علی کو 8 کروڑ روپے اور ریتوراج گائیکواڈ کو 6 کروڑ روپے میں ریٹین کیا گیا تھا۔


رویندر جڈیجہ 2012 سے ہی چنئی ٹیم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ وہ ٹیم کے تیسرے کپتان ہوں گے۔ آئی پی ایل کے پہلے سیزن یعنی 2008 سے ہی مہندر سنگھ دھونی ہی ٹیم کی کپتانی سنبھال رہے تھے۔ دھونی نے 213 میچ میں کپتانی کرتے ہوئے ٹیم کو 130 میچ میں جیت دلائی ہے۔ سریش رینا نے 6 میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی ہے جس میں سے ٹیم نے صرف 2 ہی میچ جیتے تھے۔ 40 سالہ دھونی 2008 میں آئی پی ایل شروع ہونے کے بعد سے لگاتار کپتان رہے اور یہ ان کا آخری آئی پی ایل ہو سکتا ہے۔ اس سے پہلے ان کا استعفیٰ لینا ان کے چاہنے والوں کے لیے بری خبر ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ سے دھونی پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اس لیے دھونی کے شیدائی آئی پی ایل 2022 میں ان کا کھیل دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔