محمد سراج سے انگلینڈ کے شائقین نے پوچھا چبھتا سوال، تو ملا دلچسپ جواب

پہلے دن کے میچ ختم ہونے کے بعد ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے یہ انکشاف کیا تھا کہ فیلڈنگ کے دوران تیز گیندباز محمد سراج پر شائقین نے گیند پھینکی تھی۔

محمد سراج / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
محمد سراج / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

لندن: ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین لیڈس میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹسٹ میں ٹیم انڈیا 78 رن پر آل آوٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی مضبوط پوزیشن سے اس کے شائقین کافی خوش تھے اور گیندبازی کے بعد باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنے گئے محمد سراج کو کچھ شائقین نے طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ اسکور کیا ہوا ہے؟ اس سوال پر محمد سراج نے زبردست جواب دیتے ہوئے شائقین کو اشارے میں بتایا کہ ہندوستان سیریز میں 0-1 سے آگے ہے۔

قابل ذکر ہے کہ محمد سراج پر ناظرین نے فیلڈنگ کے دوران گیند بھی پھینکی تھی۔ پہلے دن کے میچ ختم ہونے کے بعد ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے یہ انکشاف کیا تھا کہ فیلڈنگ کے دوران تیز گیندباز محمد سراج پر شائقین نے گیند پھینکی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کافی غصے میں تھے اور انہوں نے سراج کو گیند باہر پھینکنے کے لئے کہا۔ کوہلی کا غصہ کیمرے میں واضح طور پر نظرآرہا تھا۔


پنت نے کہا کہ شائقین میں سے کسی نے سراج پر گیند پھینکی تھی تو کوہلی غصے میں آگئے تھے۔ آپ جو بھی کہنا چاہتے ہیں کہہ سکتے ہیں، لیکن فیلڈرز پر چیزیں پھینکنا درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 30 اوورز میں 94 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں اس نے 10.5 اوورز میں 32 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ تیزگیندبازوں محمد شامی، جسپریت بمراہ اور ایشانت شرما کی موجودگی میں سب سے نوجوان گیندباز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔