آئی سی سی کی ’وَنڈے ٹیم آف دی ایئر‘ میں محمد سراج نے بنائی جگہ، ٹیم میں شریئس ایر بھی شامل

محمد سراج نے 2022 میں 15 میچ میں 24 وکٹ لیے تھے، انھوں نے اپنی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان کی وَنڈے ٹیم میں اپنی جگہ پختہ کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئی سی سی نے 24 جنوری کو 2022 کے لیے ’ونڈے ٹیم آف دی ایئر‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم میں ہندوستان کے دو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ مڈل آرڈر کے بلے باز شریئس ایر اور ہندوستان کے نوجوان تیز گیندباز محمد سراج کو آئی سی سی کی اس ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی نے اس ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم کو آئی سی سی کی ٹی-20 ٹیم آف دی ایئر میں جگہ نہیں ملی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال وَنڈے میں ہندوستان کے لیے شریئس ایر نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وہ مڈل آرڈر کی جان ثابت ہوئے تھے۔ انھوں نے 17 میچ میں 55.69 کی اوسط سے 724 رن بنائے۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 91.52 کا رہا۔ انھوں نے اس درمیان ایک سنچری اور 6 نصف سنچری بھی بنائی تھی۔ جہاں تک محمد سراج کی بات ہے، انھوں نے 2022 میں 15 میچ میں 24 وکٹ لیے۔ انھوں نے اپنی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان کی وَنڈے ٹیم میں اپنی جگہ پختہ کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔


اس سے قبل 23 جنوری کو آئی سی سی نے ٹی-20 ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس ٹیم میں ہندوستان کے سب سے زیادہ 3 بلے بازوں کو شامل کیا گیا تھا۔ یہ کھلاڑی ہیں وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا۔ بہرحال، آئی سی سی کی ونڈے ٹیم میں ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے بھی دو دو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان، زمبابوے اور بنگلہ دیش کے ایک ایک کھلاڑی کو جگہ ملی ہے۔

آئی سی سی ونڈے ٹیم آف دی ایئر:

بابر اعظم (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، شائی ہوپ، شریئس ایر، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، مہدی حسن میراز، الزاری جوزف، محمد سراج، ٹرینٹ بولٹ، ایڈم زیمپا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔