کیدار اور دھونی نے ادا کی اپنی ذمہ داری: وراٹ
ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد سمیع نے جس طرح سے ون ڈے میں واپسی کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ وہ بہتر لائن لینتھ کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں۔ ان میں وکٹ لینے کی صلاحیت ہے۔
حیدرآباد: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں چھ وکٹ سے ملی جیت کا کریڈٹ کیدار جادھو اور مہندر سنگھ دھونی کی بہترین بلے بازی کے علاوہ گیند بازوں کو دیا ہے۔
ہندوستانی کپتان نے ٹیم کے گیند بازوں پر کہا کہ کلدیپ کچھ وقت سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جبکہ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد سمیع نے جس طرح سے ون ڈے میں واپسی کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ سمیع نے اپنا وزن پانچ سے چھ کلو گرام تک کم کیا ہے۔ وہ بہتر لائن لینتھ کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں۔ ان میں وکٹ لینے کی صلاحیت ہے اور اس کو لے کر ان میں کافی بھوک ہے۔ بمراه اور کلدیپ کا ساتھ دیتے ہوئے سمیع بہتر بولنگ کرتے ہیں۔ یہ ورلڈ کپ کے پیش نظر ٹیم انڈیا کے لئے اچھی علامت ہے۔
میچ کے بعد وراٹ نے کہا کہ یہ ایک مشکل میچ تھا۔ وکٹ سے زیادہ مدد نہیں ملی اس کے باوجود ہم نے اچھی گیند بازی کی۔ ہمارے پاس تجربہ کار مہندر سنگھ دھونی اور کیدار جادھو جیسے بلے باز ہیں۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ہوئی شراکت شاندار تھی۔ یہ جیت ایک ٹیم کے طور پر ہماری مجموعی کارکردگی تھی۔
کپتان نے کہا کہ ہمارا اسکور جب 95 رن پر تین وکٹ تھا، تو میں نے روی بھائی سے بات کی۔ اس وقت کیدار اور دھونی بلے بازی کر رہے تھے۔ دونوں ہی بلے بازوں نے ذمہ داری لیتے ہوئے شاندار بلے بازی کی ٹیم کو یہ جیت دلائی۔ انہیں ایسا کرتے ہوئے دیکھنا بہت ہی اچھا لگا۔
اسٹریٹ اسمارٹ کرکٹر کیدار جادھو (ناٹ آؤٹ 81) اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی (ناٹ آؤٹ 59) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے 141 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں چھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
وراٹ نے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی کارکردگی پر کہا کہ اس پچ پر 10 اوور میں 35 رن سے کم خرچ کرنا بہت ہی شاندار کارکردگی ہے۔ جڈیجہ نے اپنے مطابق فیلڈنگ لگائی جسے دیکھ بہت اچھا لگا۔ وہ اس کے لئے مکمل طور پر تیار تھے، انہوں نے کہا تھا کہ انہیں صرف ایک موقع چاہیے۔ جڈیجہ بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں جو کہ ٹیم کے لئے اچھا ہے۔
جڈیجہ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں کسی ہوئی گیند بازی کرتے ہوئے 10 اوور میں صرف 33 رنز دیئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Mar 2019, 8:09 PM