پنک بال ٹسٹ: کیا ہندوستان کے خلاف بنگلہ دیش ’پنک بال‘ کا پریشر برداشت کر پائے گا؟
دنیا کی نمبر وَن ٹسٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم ٹسٹ چمپئن شپ کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک سبھی 6 میچ جیت چکی ہے۔ ایسے میں بنگلہ دیش پر کلین سوئپ کا خطرہ ہے۔ ’پنک بال‘ کا پریشر بھی ان پر ہے۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ آج کولکاتا کے تاریخی ایڈن گارڈنس اسٹیڈیم میں دوپہر ایک بجے سے کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی گھریلو میدان پر اس پہلے تاریخی ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کو جیت کر ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ارادے سے میدان پر اتریں گے۔ اس سیریز میں ہندوستان 0-1 سے سبقت بنائے ہوئے ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی تین ٹی-20 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر چکی ہے۔ اس میچ میں نہ صرف بنگلہ دیش پر نمبر وَن ٹسٹ ٹیم کو شکست دینے کا دباؤ ہے بلکہ اس پر ’پنک بال‘ سے کھیلنے کا پریشر بھی ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان نے اندور میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں اننگ اور 130 رنوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی سبقت بنا رکھی ہے اور ساتھ ہی اس نے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے ٹیبل میں اپنی سبقت کو بھی مضبوط کر لیا ہے۔
پہلا ٹسٹ میچ صرف تین دن میں ہی ختم ہو گیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستانی سلامی بلے باز مینک اگروال نے 243 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی، جب کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 150 اور دوسری اننگ مین 2013 رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ دنیا کی نمبر وَن ٹسٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم ٹسٹ چمپئن شپ کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک سبھی چھ میچ جیت چکی ہے۔ اس میں سے وہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوئی سیریز میں کلین سوئپ کر چکی ہے۔
ہندوستانی ٹیم کی نظریں اب اس سیریز میں بھی کلین سوئپ کرنے پر لگی ہوئی ہے اور وہ بھی اس ٹیم کے خلاف جو افغانستان سے اپنا گزشتہ سیریز ہار چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ تاریخی ہونے والا ہے، کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلی بار اپنا ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کے لیے اتر رہی ہیں۔
بی سی سی آئی سربراہ بننے کے بعد سے سوربھ گنگولی کے اس کام کو ان کی سب سے بڑی حصولیابی کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ گنگولی نے ہی بنگلہ دیش کو ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کے لیے راضی کروایا ہے۔ میچ کی شروعات سے پہلے آرمی پیراٹروپرس کے جوان اڑ کر ایڈن گارڈنس آئیں گے اور دونوں کپتانوں کو پنک بال سونپیں گے۔ اس کے بعد ٹاس کیا جائے گا اور پھر سیاستدانوں، کھیل کی مشہور ہستیوں اور کھچاکھچ بھرے ناظرین کی موجودگی میں میچ کی شروعات ہوگی۔
ڈے نائٹ ٹسٹ میں ڈھلتی شام کے وقت جب فلڈ لائٹ جل جاتی ہے، اس وقت بلے بازوں کو آنے والی روشنی کو لے کر کافی بحث ہوئی تھی۔ اس ٹوئلائٹ زون سے تال میل بٹھانے کے معاملے پر بھی کافی باتیں ہوئی ہیں۔ ہندوستان کے کچھ کھلاڑیوں نے اس ٹوئلائٹ میں گلابی گیند کو دیکھنے مین آنے والے مسئلہ کے بارے میں باتیں کہی تھیں۔ یہ کھلاڑی ڈے نائٹ فارمٹ میں دلیپ ٹرافی کھیل چکے ہیں۔
ایڈن گارڈنس میں کھیلا جانے والا یہ میچ ایس جی گیند سے کھیلا جائے گا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ یہ کس طرح سے برتاؤ کرتی ہے۔ اس ٹوئلائٹ زون ہندوستانی بلے بازوں، خاص کر کوہلی کے لیے کافی چیلنجنگ ہونے والی ہے، کیونکہ انھیں ابھی تک گلابی گیند سے کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے بھی کسی کھلاڑی کو گلابی گیند سے کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔ ایسے میں ان کے لیے بھی یہ میچ کافی چیلنجنگ ہونے والا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Nov 2019, 9:31 AM