کولکتہ نے حیدرآباد کو 10 رن سے شکست دی، نتیش رانا کی جارحانہ اننگز

کولکتہ نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 187 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا ، جب کہ حیدرآباد کی ٹیم 20 اوور میں پانچ وکٹوں پر 177 رنز ہی بنا سکی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سلامی بلے باز نتیش رانا (80) اور راہل ترپاٹھی (53) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کولکتہ نائٹ رائڈرس نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اتوار کے روز آئی پی ایل 14 کے تیسرے مقابلوں کو یکطرفہ انداز میں 10 رن سے جیت لیا۔

کولکتہ نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 187 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا ، جب کہ حیدرآباد کی ٹیم 20 اوور میں پانچ وکٹوں پر 177 رنز ہی بنا سکی۔


حیدرآباد کی طرف سے منیش پانڈے نے ناٹ آوٹ 61 اور جانی بیئرسٹو نے 55 رنز بنائے۔ عبد الصمد نے صرف آٹھ گیندوں میں دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آوٹ 19 رنز بنائے۔ منیش پانڈے نے اننگز کے آخری اوور میں آندرے رسل کی آخری گیند پر چھکا مارا لیکن حیدرآباد کو جیت دلانے کے لئے کافی نہیں تھا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اسنے دس رن تک کپتان ڈیوڈ وارنر اورردھمان ساہا کی وکٹ گنوا دیں ۔ وارنر کوپرسدھ کرشنا نے پویلین بھیجا جبکہ ساہا کو بائیں ہاتھ کے اسپنر شکیب الحسن نے بولڈ کیا ۔ تاہم جانی بیئرسٹو اور منیش پانڈے نے تیسری وکٹ کے لئے 92 رن کی شاندار شراکت قائم کی۔ پیٹ کمنس نے بیئرسٹو کا وکٹ حاصل کرکے اس شراکت کو ختم کیا۔ بیئرسٹو نے 40 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔


اس کے بعد محمد نبی نے 14 ، وجئے شنکر نے 11 اور عبد الصمد نے ناٹ آؤٹ 19 رن بنائے۔ حیدرآباد کو آخری اوور میں جیتنے کے لئے 22 رنز درکار تھے۔ اس سے قبل انیسویں اوور میں ، عبد الصمد نے پیٹ کمنس کی گیندوں پر دو چھکے لگائے لیکن آندرے رسل نے آخری اوور میں صمد اور منیش پانڈے کو ایسا کوئی موقع نہیں دیا۔ منیش پانڈے نے 44 گیندوں میں ناٹ آوٹ 61 رنز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کولکتہ نے یہ میچ 10 رنز سے جیتا اور نتیش رانا کو 80 رنز کی شاندار اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔