کیرن پولارڈ نے بھی لگا دیے 1 اوور میں 6 چھکّے، یوراج سنگھ کی دلائی یاد، دیکھیں ویڈیو
کیرن پولارڈ نے سری لنکائی گیندباز اکیلا دھننجے کے 1 اوور میں لگاتار 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا کر ہندوستانی بلے باز یوراج سنگھ کی یاد دلا دی جنھوں نے انگلینڈ کے گیندباز براڈ کے اوور میں 6 چھکے لگائے تھے۔
ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے دھماکہ دار بلے باز کیرن پولارڈ نے آج اس وقت کرکٹ شیدائیوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا جب ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگا دیے۔ یہ کارنامہ انھوں نے سری لنکا کے خلاف کھیلی جا رہی تین ٹی-20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انجام دیا جس میں ویسٹ انڈیز نے 41 گیند باقی رہتے 4 وکٹ سے میچ کو اپنے نام کر لیا۔
اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے سری لنکا کے اسپن گیندباز اکیلا دھننجے کے ایک اوور میں لگاتار 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا کر ہندوستانی بلے باز یوراج سنگھ کی یاد دلا دی جنھوں نے انگلینڈ کے گیندباز براڈ کے اوور میں 6 چھکے لگائے تھے۔ ویسے ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا کارنامہ ہرشل گبس بھی بنا چکے ہیں، گویا کہ اب یہ ریکارڈ مجموعی طور پر تین کھلاڑیوں کے نام درج ہو گیا ہے۔ یوراج نے جہاں ٹی-20 میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا وہیں جنوبی افریقہ کے بلے باز ہرشل گبس نے 50 اوور کے میچ میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
بہر حال، کیرن پولارڈ نے ویسٹ انڈیز کی اننگ کے پانچویں اوور میں یہ ریکارڈ قائم کیا۔ پولارڈ نے اس دوران 11 گیندوں میں 38 رن کی اننگ کھیلی۔ گویا کہ انھوں نے 6 گیندوں پر ہی 36 رن بنا لیے تھے، بقیہ 2 رن بنانے کے لیے انھیں 5 گیندوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ پولارڈ نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں یوراج سنگھ کے ذریعہ ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کے 14 سال بعد اس ریکارڈ کی برابری کی۔ یوراج سنگھ نے 2007 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی-20 سیریز میں انگلینڈ کے تیز گیندباز اسٹوارٹ براڈ کی گیند پر 6 چھکے لگا کر سبھی کو حیران کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔