دھونی جیسے کھلاڑی شاذ و نادر ہی پیدا ہوتے ہیں:کامران

دھونی نے ون ڈے میں 50 سے زیادہ اوسط اسکور کیا ہے اور میچ جیتنے والی کئی اننگز بھی کھیلی ہیں وہ سب حیرت انگیز ہیں۔

تصویر نیشنل ہیرالڈ 
تصویر نیشنل ہیرالڈ
user

یو این آئی

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے ہندستانی کرکٹٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹیم انڈیا کا آل ٹائم بہترین وکٹ کیپر بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھونی جیسے کھلاڑی شاذ و نادر ہی پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے ہندستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کی بھی تعریف کی ہے۔

اکمل کے مطابق روہت بہت اچھے بلے باز ہیں جبکہ دھونی جیسے کھلاڑی شاذ و نادر ہی پیدا ہوتے ہیں۔ صرف یہی نہیں اکمل نے دھونی کو ہندوستان کا سب سے بڑا میچ جیتنے والا کھلاڑی بھی قرار دیا ہے۔اکمل نے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران کہا کہ میرے خیال میں دھونی ہندوستانی ٹیم کے بہترین وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے لئے بہت کچھ حاصل کیا جو ناقابل یقین ہے۔ جس طرح انہوں نے مستقل مزاجی کے ساتھ کھیلا ہے ، ون ڈے میں 50 سے زیادہ اوسط اسکور کیا ہے اور میچ جیتنے والی کئی اننگز بھی کھیلی ہیں وہ سب حیرت انگیز ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ پاکستان میں ہمارے خلاف ون ڈے سیریز میں انھوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔


کینیا میں جس طرح سے انہوں نے پاکستان اے کے خلاف آغاز کیا تھا اسی طرح سے انہوں نے اختتام کیا ۔ وہ ایک عمدہ پرفارمر ہیں۔ میں یہ کہوں گا کہ دھونی جیسے کھلاڑی کرکٹ میں بہت کم ہی ملتے ہیں۔ میرے مطابق اس کا کریڈٹ ایم ایس دھونی کو ہی دیا جانا چاہئے۔ون ڈے ورلڈ کپ ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، آئی پی ایل ، چمپئنز ٹرافی ، میرے خیال میں ان کی کپتانی میں ہی یہ سارے کارنامے انجام پائے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ دھونی کو نہ صرف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بہترین فنشر سمجھا جاتا ہے بلکہ انہیں کیپٹن کول بھی کہا جاتا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو دھونی نے یوں ہی 'کیپٹن کول ' کا لقب حاصل نہیں کیا ، اسی وجہ سے انہوں نے وہ کام کرکے اپنی کپتانی کا مظاہرہ کیا جو کوئی دوسرا کپتان آج تک نہیں کرسکا تھا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، ون ڈے ورلڈ کپ اور چمپئنز ٹرافی جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی نمبر کی پوزیشن پر پہنچانے کے لئے دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں۔


دھونی کی تعریف کے پل باندھنے کے بعد کامران اکمل نے روہت شرما کی بھی بہت تعریف کی اور کہا کہ روہت ایک بہترین بلے باز ہیں۔ ان کا کھیل دیکھ کر بہت لطف آتا ہے۔ ان کے کھیل کی سطح بالکل مختلف ہے۔ وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 3 ڈبل سنچری اسکور کی ہیں۔ جبکہ انہوں نے آخری آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں 5 سنچریاں بنائیں۔ ان کی بیٹنگ میں سب سے خاص چیز ان کی پاور ہٹنگ ہے۔ میں نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ روہت ، وراٹ کوہلی اور بابر اعظم جیسے بلے بازوں سے سیکھیں کہ کس طرح بیٹنگ کی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔