ٹی-20 عالمی کپ سے قبل ٹیم انڈیا کو لگا جھٹکا، ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے جسپریت بمراہ
ٹیم انڈیا کو اگلے ماہ ہونے والے ٹی-20 ورلڈ کپ سے قبل شدید جھٹکا لگا ہے، کیونکہ اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں
نئی دہلی: ٹیم انڈیا کو اگلے ماہ ہونے والے ٹی-20 ورلڈ کپ سے قبل شدید جھٹکا لگا ہے، کیونکہ اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بمراہ کی کمر کی چوٹ سنگین ہے اور انہیں اگلے 4 سے 6 ماہ تک کرکٹ کے میدان سے دور رہنا پڑ سکتا ہے تاہم بی سی سی آئی نے ابھی تک بمراہ کے متبادل کا اعلان نہیں کیا ہے
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق بمراہ کمر کی تکلیف کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ ٹیم انڈیا کے ساتھ آسٹریلیا نہیں جائیں گے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جسپریت بمراہ کو کمر کے درد سے نجات کے لیے سرجری کی ضرورت نہیں ہے لیکن یہ واضح ہے کہ جسپریت بمراہ 4 سے 6 ماہ تک کرکٹ کے میدان سے دور رہیں گے۔
دراصل جسپریت بمراہ انگلینڈ کے دورے کے بعد ہی زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وہ ایشیا کپ کے لئے بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے اور اس دوران انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی فٹنس پر کام کیا۔ بمراہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے ٹیم انڈیا میں واپس آئے لیکن سیریز کے دو میچ کھیلنے کے بعد وہ دوبارہ زخمی ہو گئے۔
ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹی-20 میچ سے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ بمراہ چوٹ کی وجہ سے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے بمراہ کے حوالے سے فٹنس اپ ڈیٹ جاری کیا گیا۔ اس اپ ڈیٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بمراہ کو پریکٹس سیشن کے دوران کمر میں درد ہوا تھا۔
بمراہ کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم انڈیا کی عالمی کپ کی تیاریوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بمراہ اس فارمیٹ میں ہندوستان کے نمبر ایک بولر ہیں اور بی سی سی آئی کے لیے ان کا متبادل تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔