’کیا احمد آباد کی پچ پر بھوت ہے؟‘ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلنے سے اعتراض پر شاہد آفریدی نے پی سی بی کو لگائی پھٹکار

شاہد آفریدی نے ایک پاکستانی نیوز چینل پر کہا کہ ’’وہ احمد آباد کی پچوں پر کھیلنے سے کیوں منع کر رہے ہیں؟ کیا یہ آگ اگلتی ہے یا وہاں بھوت پریت آتے ہیں؟ جاؤ اور کھیلو، کھیلو اور جیتو۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>شاہد آفریدی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شاہد آفریدی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

یک روزہ کرکٹ میچوں کا عالمی کپ ہندوستان میں اکتوبر ماہ سے شروع ہوگا۔ لیکن اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کھیلنے کو لے کر ابھی تک تذبذب والی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیف نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ حکومت سے اجازت ملنے پر ہی پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو ہندوستان بھیجے گا۔ کئی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یک روزہ عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ احمد آباد کے میدان میں ہو سکتا ہے۔ حالانکہ پی سی بی نے اس میدان میں کھیلنے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ اس معاملے میں پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنے ہی کرکٹ بورڈ کو پھٹکار لگائی ہے۔

شاہد آفریدی نے ایک پاکستانی نیوز چینل پر کہا کہ ’’وہ احمد آباد کی پچوں پر کھیلنے سے کیوں منع کر رہے ہیں؟ کیا یہ آگ اگلتی ہے یا وہاں بھوت پریت آتے ہیں؟ جاؤ اور کھیلو، کھیلو اور جیتو۔ اگر یہ قیاس آرائی پر مبنی چیلنجز ہیں تو ان سے نمٹنے کا واحد طریقہ ایک بڑی جیت ہے۔‘‘ آفریدی کا ماننا ہے کہ پی سی بی کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس میدان پر کھیلنے سے منع کرنے کی جگہ ہندوستان کو ان کی سرزمیں پر شکست دے کر میدان پر جواب دینا چاہیے۔


سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’دن کے آخر میں جو معنی رکھتا ہے وہ پاکستانی ٹیم کی جیت ہے۔ سب کچھ اسی میں پوشیدہ ہے۔ اس بات کو مثبت انداز سے لینا چاہیے۔ اگر وہ (ہندوستان) وہاں بہتر ہیں، تو آپ کو جانا چاہیے۔ کھچا کھچ بھرے ہندوستانی ناظرین کے سامنے جیت حاصل کرنی چاہیے اور انھیں دکھانا چاہیے کہ آپ کے اندر کتنی صلاحیت ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ہندوستان نے ایشیا کپ پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ بی سی سی آئی کے اس اعلان کے بعد پی سی بی نے بھی کہا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ بھی عالمی کپ کھیلنے ہندوستان نہیں جائے گا۔ لیکن اب یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، کیونکہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تجویز کے مطابق ایشیا کپ 2023 پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ ایشیا کپ میں پاکستان 4 میچوں کی میزبانی کرے گا، جبکہ باقی کے 9 میچ سری لنکا میں ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔