نیلامی میں 182 کھلاڑیوں پر 639 کروڑ روپے خرچ، پنت سب سے مہنگے، سوریاونشی سب سے کم عمر کھلاڑی
آئی پی ایل میگا نیلامی میں 182 کھلاڑیوں پر 639 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ ویبھو سوریاونشی فروخت ہونے والے سب سے کم عمر کے کھلاڑی تھے جنہیں راجستھان رائلز نے خریدا۔
آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی ختم ہوگئی۔ اس کا اہتمام سعودی عرب کے شہر جدہ میں کیا گیا تھا۔ میگا نیلامی میں 182 کھلاڑیوں پر 639.15 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ اس بار نیلامی میں 62 غیر ملکی کھلاڑی خریدے گئے۔ نیلامی کے اب تک کے تمام ریکارڈ بھی ٹوٹ گئے۔ رشبھ پنت تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہیں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 27 کروڑ میں خریدا۔ جبکہ ویبھو سوریاونشی سب سے کم عمر کھلاڑی رہےجنہیں راجستھان رائلز نے خریدا ان کی عمر تیرہ سال بتائی جاتی ہے۔
اگر ہم نیلامی کے سب سے مہنگے پانچ کھلاڑیوں کو دیکھیں تو ریشبھ پنت سب سے اوپر ہیں۔ دوسرے نمبر پر شریاس ائیر ہیں۔ پنجاب کنگز نے انہیں 26.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ وینکٹیش ائیر تیسرے مہنگے ترین کھلاڑی رہے۔ انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 23.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ ارشدیپ سنگھ اور یوزویندر چہل کو بھی پنجاب کنگز نے خریدا اور ان دونوں کی تنخواہ برابر ہے ۔
ادھر کل آئی پی ایل نیلامی کے آخری دن بھونیشور سب سے مہنگے فروخت ہوئے۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 سیزن کی نیلامی کے دوسرے دن پیر کو ہندوستان کے تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے 10.75 کروڑ روپے کی سب سے زیادہ بولی لگا کر خرید ا۔
بھونیشور کو خریدنے کے لیے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایچ ایس جی) اور ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔ آخری لمحات میں، آر سی بی نے اپنے حق میں دن کی سب سے بڑی بولی لگائی۔ دیپک چاہر کو ممبئی انڈینز نے 9.25 کروڑ میں خریدا۔ تشار دیش پانڈے کو راجستھان رائلز (آر آر) نے 6.50 کروڑ میں خریدا تھا۔
آل راؤنڈر مارکو جینسن کو پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) نے 7 کروڑ روپے میں خریدا۔ وہیں بڑودہ کے کرونل پانڈیا کو آر سی بی نے 5.75 کروڑ میں خریدا۔ رنجی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہریانہ کے انشول کمبوج کو چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے 3.40 کروڑ روپے میں خریدا۔ گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) نے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز جیرالڈ کوٹزی کو 2.40 کروڑ روپے میں خرید ا۔
کین ولیمسن، اجنکیا رہانے اور گلین فلپس سمیت کئی بڑے ناموں والے کھلاڑیوں کو خریدار نہیں ملا۔ انگلینڈ کے سیم کرن، جنہوں نے گزشتہ سیزن میں ریکارڈ قیمت حاصل کی تھی، 2.40 کروڑ روپے میں سی ایس کےمیں واپس آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔