آئی پی ایل 2023: چنئی سپر کنگز سے شکست کے ساتھ دہلی کیپٹلز کی ’پلے آف‘ میں پہنچنے کی امید بھی ختم

آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 167 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا، یہ اسکور بہت بڑا نہیں تھا لیکن دہلی کی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ پر 140 رن ہی بنا سکی۔

<div class="paragraphs"><p>چنئی سپر کنگز ٹیم، @IPL</p></div>

چنئی سپر کنگز ٹیم، @IPL

user

تنویر

چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آج جب ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا تو کئی لوگ حیران رہ گئے تھے۔ سبھی امید کر رہے تھے کہ ٹاس جیتنے والے کپتان پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ حالانکہ دھونی نے پہلے بلے بازی کر کے بھی دہلی کو بہ آسانی 27 رنوں سے شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی نہ صرف چنئی نے اپنے لیے آگے کی راہ بہت آسان کر لی ہے، بلکہ دہلی کی ’پلے آف‘ میں پہنچنے کی امید بھی ختم ہو گئی۔ دہلی نے ابھی تک 11 میچوں میں 4 جیت اور 7 شکست کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ یعنی اگر اپنے باقی 3 میچ بھی دہلی جیت جائے تو 14 پوائنٹس ہی ہوگا، جبکہ گجرات اور چنئی پہلے ہی بالترتیب 16 اور 15 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں۔ باقی دو ٹیموں کے لیے جنگ دلچسپ ہے جس میں 4 ٹیمیں 11-11 میچوں میں 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہیں، ممبئی 11 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے مقام پر اور لکھنؤ 11 میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔

بہرحال، آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 167 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ ٹیم کی طرف سے کسی نے بھی بہت بڑی پاری نہیں کھیلی، لیکن سبھی کھلاڑیوں نے چھوٹا چھوٹا تعاون دے کر ٹیم کو اچھے اسکور تک پہنچایا۔ سب سے بڑا اسکور شیوم دوبے نے بنایا جنھوں نے 25 رن بنانے کے لیے محض 12 گیندیں کھیلیں۔ ریتوراج گائیکواڈ نے 24 رن (18 گیند)، امباتی رائیڈو نے 23 رن (17 گیند)، اجنکیا رہانے و رویندر جڈیجہ نے 21-21 رن، اور کپتان دھونی نے 9 گیندوں پر تیز طرار 20 رن بنائے۔


دہلی کی طرف سے مشیل مارش (3 اوور میں 18 رن دے کر 3 وکٹ) اور اکشر پٹیل (4 اوور میں 24 رن دے کر 2 وکٹ) نے شاندار گیندبازی کی، لیکن باقی گیندبازوں نے متاثر نہیں کیا۔ 1-1 وکٹ خلیل احمد (4 اوور میں 32 رن)، للت یادو (3 اوور میں 34 رن) اور کلدیپ یادو (4 اوور میں 28 رن) کو حاصل ہوئے۔ ایشانت شرما نے بہت مایوس کیا جنھوں نے 2 اوور میں 23 رن خرچ کیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔

دہلی کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو امید کی جا رہی تھی کہ سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور فل سالٹ ٹیم کو تیز شروعات دیں گے، لیکن پاری کی دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کپتان وارنر پویلین لوٹ گئے۔ فل سالٹ نے کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن 11 گیندوں پر 17 رن بنا کر وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔ مشیل مارش (4 گیندوں پر 5 رن) بدقسمت رہے جو منیش پانڈے کی غلط کالنگ پر رَن آؤٹ ہو گئے۔ 25 رن پر ہی 3 وکٹ گر جانے سے دہلی کی حالت خستہ ہو گئی اور پھر کبھی بھی دہلی میچ میں واپسی نہیں کر پائی۔ منیش پانڈے (29 گیندوں پر 27 رن) اور ریلی روسو (37 گیندوں پر 35 رن) نے وکٹ گرنے کا سلسلہ ضرور روکا، لیکن سست رفتار بلے بازی نے جیت کو دہلی سے دور کر دیا۔ اکشر پٹیل نے آخر میں 12 گیندوں پر 21 رن بنا کر رنوں کی رفتار کچھ بڑھانے کی کوشش ضرور کی، لیکن دیگر کوئی بھی بلے باز اس طرح کی بلے بازی نہیں کر سکا۔ ریپل پٹیل نے 16 گیندوں پر 10 رن بنائے اور امن خان (3 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 2 رن) و للت یادو (5 گیندوں پر 12 رن) کو تو زیادہ گیندیں کھیلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ 20 اوور میں دہلی 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 140 رن بنا سکی۔ اس طرح ٹیم کو 27 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


چنئی کی طرف سے دیپک چاہر نے 3 اوور میں 28 رن دے کر 2 وکٹ، متھیش پتھیرانا نے 4 اوور میں 37 رن دے کر 3 وکٹ، رویندر جڈیجہ نے 4 اوور میں 19 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیے۔ باقی گیندباز وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ تشار دیش پانڈے نے 3 اوور میں 18 رن، مہیش تیکشنا نے 2 اوور میں 16 رن، اور معین علی نے 4 اوور میں 16 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔