ہندوستان کا آسٹریلیا دورہ: روہت اور ایشانت پہلے دو ٹسٹ سے باہر

روہت شرما ہیمسٹرنگ چوٹ سے اور ایشانت عضلات میں کھینچاؤ کی پریشانی سے نجات حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں کو یہ چوٹ یو اے ای میں آئی پی ایل کے دوران لگی تھی۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / بی سی سی آئی
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / بی سی سی آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: سلامی بلے باز روہت شرما اور تیزگیند باز ایشانت شرما آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے باقی دو ٹسٹوں میں ان کا کھیلنا مشکوک ہے۔ روہت ہیمسٹرنگ چوٹ سے اور ایشانت عضلات میں کھینچاؤ کی پریشانی سے نجات حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں کو یہ چوٹ یو اے ای میں آئی پی ایل کے دوران لگی تھی۔ ایشانت تو آئی پی ایل بیچ میں ہی چھوڑ کر ملک واپس آگئے تھے جبکہ روہت اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کو پانچویں مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن بناکر ملک لوٹے ہیں۔ دونوں بنگلور واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے تھے۔

ٹیم انڈیا کے چیف کوچ روی شاستری نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر دونوں کھلاڑیوں کو 17 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں حصہ لینا ہے تو انہیں 26 نومبر تک آسٹریلیا پہنچنا ہوگا۔ شاستری کے اس بیان کے چند روز بعد ہی یہ خبر سامنے آئی ہے کہ روہت اور ایشانت پہلے دو ٹسٹوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا باقی دو ٹسٹوں میں حصہ لینا ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی فوری کارروائی پر منحصر ہوگا۔


ایشانت نے حالانکہ گیندبازی فٹ نیس حاصل کرلی ہے لیکن ٹسٹ فٹ نیس کے لئے انہیں چار ہفتے پوری گیندبازی کی ضرورت ہوگی یعنی ایک دن میں کم از کم 20 اوور۔ روہت کا ابھی کوئی فٹ نیس ٹسٹ نہیں ہوا ہے جبکہ انہوں نے آئی پی ایل کے فائنل میں اپنی ٹیم کے لئے میچ فاتح نصف سنچری بنائی تھی۔

اس سے قبل روہت کو آسٹریلیا کے دورے سے باہر کردیا گیا تھا لیکن آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کے فائنل سمیت آخری تین میچوں میں کھیلنے کے بعد انہیں اپنی فٹنس سے متعلق سوالات کے بعد بی سی سی آئی نے روہت کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے آرام دیا تھا لیکن انہیں چار ٹیسٹوں کی سیریز میں شامل کرلیا تھا۔


ایشانت آئی پی ایل کے بیچ میں واپس سیدھے این سی اے چلے گئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں پورے رن اپ کے ساتھ اپنی گیندبازی ٹسٹ دیا تھا۔ لیکن تیسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کے لئے انہیں ابھی آسٹریلیا کے لئے فلائٹ پکڑنی ہوگی۔ آسٹریلیا کے کوارنٹائن ضابطوں کے مطابق ایشانت کو آسٹریلیا پہنچنے کے بعد 14 دن تک الگ تھلگ رہنا ہوگا اور وہ دو ہفتوں کے بعد ٹریننگ شروع کرسکیں گے۔ وہ سڈنی میں7 جنوری سےشروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے ہی تیار ہوسکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔