ہندوستان کے معمر ترین کرکٹر دتا جی راؤ گائیکواڑ کا 95 سال کی عمر میں انتقال
ہندوستان کے معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان دتاجی راؤ گائیکواڈ کا منگل کو عمر سے متعلق بیماریوں کے باعث انتقال ہو گیا۔ وہ سابق اوپننگ بلے باز اور نیشنل کوچ انشومن گائیکواڑ کے والد تھے
بڑودہ: ہندوستان کے معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان دتا جی راؤ گائیکواڑ کا منگل کو انتقال ہو گیا ۔ وہ عمر سے متعلق بیماریوں میں مبتلا تھے اور انہوں نے گجرات کے شہر بڑودہ میں آخری سانس لی۔ دتا جی گائیکواڈ ہندوستان کے سابق اوپننگ بلے باز اور نیشنل کوچ انشومن گائیکواڑ کے والد تھے۔ انہوں نے 95 سال 109 دن کی عمر میں دنیا کو الوداع کہا۔
خاندانی ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ دتاجی گائیکواڑ نے بڑودہ کے ایک اسپتال کی انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں گزشتہ 12 دنوں تک زندگی کے لیے جنگ لڑکی اور منگل کی صبح ان کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے 1952 سے 1961 کے درمیان ہندوستان کے لیے 11 ٹیسٹ کھیلے تھے اور 1959 میں انگلینڈ کے دورے پر ٹیم انڈیا کی کپتانی بھی کی تھی ۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 1952 میں لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا اور ان کا آخری بین الاقوامی میچ 1961 میں چنئی میں پاکستان کے خلاف تھا۔ گایکواڑ نے 1947 سے 1961 تک رنجی ٹرافی میں بڑودہ کی نمائندگی کی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں مجموعی طور پر 36.40 کی اوسط سے 5788 رنز بنائے، جس میں 17 سنچریاں شامل تھیں۔ 1959-60 کے سیزن میں مہاراشٹر کے خلاف ان کا سب سے زیادہ اسکور 249 ناٹ آؤٹ تھا۔
وہ 2016 میں ہندوستان کے سب سے معمر ٹیسٹ کرکٹر بنے تھے ۔ ان سے پہلے دیپک شودھن ہندوستان کے سب سے معمر ٹیسٹ کرکٹر تھے، جن کا کا 87 سال کی عمر میں احمد آباد میں انتقال ہوگیا تھا۔
بی سی سی آئی نے سابق ہندوستانی کپتان اور ہندوستان کے سب سے معمر ٹیسٹ کرکٹر دتا جی راؤ گائیکواڑ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’انہوں نے 11 ٹیسٹ کھیلے اور 1959 میں ہندوستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم کی قیادت کی۔ بڑودہ نے ان کی کپتانی میں 1957-58 کے سیزن میں فائنل میں سروسز کو شکست دے کر رنجی ٹرافی بھی جیتی۔ بورڈ گائیکواڈ کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔