ہندوستانی خواتین پہلی بار ٹی-20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا تھا اور میچ منسوخ ہونے سے ہندوستانی ٹیم خطابی مقابلہ میں پہنچ گئی جبکہ انگلینڈ کو باہر ہو نا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سڈنی: ہندوستان نے بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف جمعرات کو سیمی فائنل میچ منسوخ ہو جانے سے پہلی بار آئی سی سی خواتین ٹی -20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان یہاں سیمی فائنل مقابلہ میں پہلے سے بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور یہ طے تھا کہ اگر میچ بارش کی نذر ہوجاتا ہے تو ہندوستانی ٹیم اپنے بہتر گروپ ریکارڈ کی وجہ سے فائنل میں پہنچ جائے گی اور آخر میں یہی ہوا۔ سیمی فائنل بارش کی وجہ سے منسوخ کر دینا پڑا اور ہندوستانی ٹیم خطابی مقابلے میں پہنچ گئی۔

بادلوں اور بارش نے صبح سے ہی انگلینڈ کے خیمہ میں مایوسی تھی جبکہ ہندوستانی خیمہ میں خوشی کے بادل منڈلا رہے تھے۔ اگرچہ فارم میں چل رہی ہے ہندوستانی ٹیم مقابلہ کو جیت کر فائنل میں پہنچنا پسند کرتی لیکن ٹیم اس بات کو لے راحت میں تھی کہ بہتر گروپ ریکارڈ اس کے حق میں تھا۔


بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا تھا اور میچ منسوخ ہونے سے ہندوستانی ٹیم خطابی مقابلہ میں پہنچ گئی جبکہ انگلینڈ کو باہر ہو نا پڑا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر بارش کی وجہ سے سیمی فائنل میچ منسوخ کیا جاتا ہے تو گروپ مرحلہ میں بہتر ریکارڈ رکھنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ہندوستان نے اپنے گروپ اے میں اپنے چاروں میچ جیتے تھے جبکہ انگلینڈ نے گروپ بی میں چار میں سے تین میچ جیتے تھے۔

ہندوستانی ٹیم 2018 ٹی -20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی لیکن اس بار بارش نے انگلینڈ کو کوئی موقع نہیں دیا۔ ہندوستان کا فائنل میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے خطابی مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان نے گروپ مرحلہ میں گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو 17 رنز سے، بنگلہ دیش کو 18 رنز سے، نیوزی لینڈ کو تین رنز سے اور سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔


انگلینڈ نے ہندوستان کو 2017 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں اور 2018 میں ٹی -20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی لیکن اس بار اس کے ارمانوں کو بارش نے دھو ڈالا۔ ہندوستانی ٹیم اب اتوار کو ملبورن میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میں عالمی چمپئن بننے کے ارادے سے اترے گی۔ اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا آج ہی ہونے والا سیمی فائنل بھی منسوخ ہو جاتا ہے تو گروپ مرحلہ میں بہتر ریکارڈ کی وجہ سے جنوبی افریقہ کی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی اور اس کا ہندوستان کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔

سڈنی میں منگل کو پاکستان -تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز - جنوبی افریقہ کے آخری گروپ میچ بارش سے متاثر رہے تھے اور ان میں کوئی نتائج نہیں نکلا تھا۔ پاکستان اور تھائی لینڈ میچ میں صرف تھائی لینڈ کی اننگز پوری ہوئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے میچ میں ٹاس بھی نہیں ہو پایا تھا اور میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ ہو گیا تھا۔ اسی وقت سے اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ سیمی فائنل کا بھی یہی حال ہوگا۔ آئی سی سی کو سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھنے کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔


صبح سے ہو رہی بارش کی وجہ سے انگلینڈ مایوسی میں ڈوبتا جا رہا تھا۔ اس کے کھلاڑیوں کی نظریں آسمان پر جمی ہوئی تھیں کہ موسم صاف ہو اور میچ کے امکان پیدا ہو سکیں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کے کھلاڑیوں کے چہرے لٹکتے چلے گئے اور میچ منسوخ ہونے کا اعلان ہوتے ہی انگلش کھلاڑیوں نے مایوسی میں اپنا سر تھام لیا۔

دوسری طرف ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے یہ خوشی کا موقع تھا۔ ان کی گروپ مرحلے میں کی گئی محنت رنگ لائی۔ اپنے پہلے ہی میچ میں چمپئن آسٹریلیا کو ہرانا آسان کام نہیں تھا لیکن ہندوستانی ٹیم نے یہ کارنامہ کیا اور مسلسل شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ مرحلے میں سوفیصد ریکارڈ برقرار رکھا۔ بارش تھم نہیں رہی تھی اور ٹاس کے کٹ آف ٹائم سے 20 منٹ پہلے ہندوستانی کپتان هرمن پريت کور اور انگلینڈ کی کپتان هيتھر نائٹ نے ہاتھ ملا لیا۔


سیمی فائنل کے لئے ریزرو ڈے نہ ہونے پر آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ ٹی -20 ورلڈ کپ (مینز، ویمنز) چھوٹا فارمیٹ ہے لہذا سیمی فائنل میں ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا کیونکہ اس سے ٹورنامنٹ لمبا ہو جاتا۔ ریزرو ڈے صرف فائنل کے لئے رکھا گیا۔ کھیل کی شرائط کے بارے میں سبھی ٹیموں کو معلوم تھا اور تمام ٹیموں نے شرائط پر ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے دستخط کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔