سری لنکا کے خلاف ہندوستان کاریکارڈ شاندار

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید پرویز قیصر

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سریز کا پہلا ٹسٹ میچ کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں جمعرات(16نومبر) سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان پر یہ پہلا ٹسٹ میچ ہوگا اور وراٹ کوہلی پہلی مرتبہ ہندوستان میں سری لنکا کے خلاف ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف ہندوستان کا ریکارڈ ٹسٹ کرکٹ میں بے حد شاندار ہے۔ اس نے ہندوستان میں جو 17 ٹسٹ کھیلے ہیں اس میں دس میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور باقی سات ٹسٹ برابر رہے ہیں۔ ان دس میں سے ہندوستان نے آٹھ میں اننگ کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ باقی دو ٹسٹ بھی ہندوستانی ٹیم نے 188 اور 259 رن کے فرق سے جیتے ہیں جس سے میزبان ٹیم کی مضبوطی کا پتہ چلتا ہے۔ کل ملاکر ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف جو41 ٹسٹ کھیلے ہیں اس میں19 میں اسے کامیابی ملی ہے اور7 میں شکست ہوئی ہے۔ دونوں کے درمیان 15 ٹسٹ برابر رہے ہیں۔

دونوں کے مابین جو آخری سیزیز اگست میں سری لنکا میں ہوئی تھی وہ ہندوستان نے 3-0 سے جیتی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستان نے سری لنکا کو اس کی سرزمین پر تین ٹسٹ میچوں کی سریز3-0 سے جیتی۔ اس نے ایسا ایک مرتبہ اپنے گھر پر محمد اظہر الدین کی قیادت میں1993-94میں کیا تھا۔

ہندوستان کا سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور9 وکٹ پر 726 ہے جو اس نے ممبئی میں 2009-10 میں بنایا تھا سری لنکا کا ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور6 وکٹ پر952 ہے جو اس نے 1997-98 میں کولمبو میں بنایا تھا۔

چنڈی گڈھ میں 1990-91میں سری لنکا کے سبھی کھلاڑی 82 پر آوٹ ہوگئے تھے جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ ہندوستان کا سری لنکا کے خلاف سب سے کم اسکور112 ہے جو اس نے گول میں2015-16 میں بنایا تھا۔

سنت جے سوریہ نے کولمبو میں1997-98 میں340 رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی جو سری لنکا کے لئے ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ ہندوستان کے لئے سری لنکا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی ریکارڈ وریندرسہواگ کے پاس ہے جنہوں نے ممبئی میں2009-10میں293 رن بنائے تھے۔

کولمبو میں2001-02 میں کھیلے گئے ٹسٹ میچ میں متھیہ مرلی دھرن نے87 رن دیکر آٹھ وکٹ لئے تھے جو سری لنکا کے لئے ہندوستان کے خلاف سب سے اچھی بالنگ ہے۔ہندوستان کے لئے سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ منندر سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے ناگپور میں 1986-87 میں51 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔