ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلیا کی کر دی بولتی بند، محض 67 رنوں پر 7 کھلاڑی آؤٹ، ہندوستان کو 83 رنوں کی سبقت

پہلے آسٹریلیائی گیندبازوں نے ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگ میں محض 150 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا، پھر ہندوستانی گیندبازوں نے بھی زوردار جواب دیتے ہوئے آسٹریلیا کے محض 67 رنوں پر 7 وکٹ گرا دیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>جسپریت بمراہ، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

جسپریت بمراہ، تصویر@BCCI

user

تنویر

بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں جب ہندوستانی ٹیم محض 150 رنوں پر آؤٹ ہو گئی تو ہندوستانی کرکٹ شائقین بہت مایوس نظر آ رہے تھے، لیکن ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے ان کے چہروں پر تب خوشی لا دی جب آسٹریلیا کے 3 وکٹ محض 19 رن پر گرا دیے۔ اس کے بعد دیگر تیز گیندبازوں محمد سراج اور ہرشت رانا نے بھی اپنی دھار دکھائی اور کسی بھی بلے باز کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ آج کا کھیل جب ختم ہوا تو آسٹریلیا کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 67 رن تھا۔ یعنی ہندوستان کو ابھی 83 رنوں کی سبقت حاصل ہے۔ ہندوستانی شائقین اب امید کریں گے کہ دوسرے دن کے شروعاتی اوورس میں ہی آسٹریلیا کے 3 وکٹ لے کر ہندوستان کم از کم 50 رنوں کی سبقت اپنے پاس رکھے۔

آج ٹاس ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جب ہندوستانی بلے بازی شروع ہوئی تو وکٹ گرنے کا سلسلہ بھی فوراً ہی شروع ہو گیا۔ یشسوی جیسوال اور دیودَت پڈیکل تو بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔ وراٹ کوہلی بھی محض 5 رن ہی بنا سکے۔ ٹیم کا اسکور جب 47 رن پر پہنچا تو اچھی بلے بازی کر رہے سلامی بلے باز کے ایل راہل (74 گیندوں پر 26 رن) بھی آؤٹ ہو گئے۔ یہ موقع تھا جب ہیزل ووڈ اور اسٹارک نے 2-2 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا تھا۔ اس کے بعد رشبھ پنت نے میدان پر ٹھہر کر کھیلنا شروع کیا، لیکن دوسری طرف دھرو جوریل (11 رن) اور واشنگٹن سندر (4 رن) سے انھیں ساتھ نہیں ملا۔ نتیش ریڈی کی ضرور تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے رشبھ پنت کے ساتھ 48 رنوں کی شراکت داری کی۔ یہ شراکت داری تب ٹوٹی جب ہندوستان کا اسکور 121 رن پہنچ گیا تھا اور رشبھ 78 گیندوں پر 37 رن بنا کر پیٹ کمنس کا شکار ہو گئے۔


اس کے بعد بڑی مشکل سے ہندوستانی ٹیم نے 150 رنوں کا اسکور حاصل کیا۔ ہرشت رانا نے 7 رن اور جسپریت بمراہ نے 8 رنوں کا تعاون کیا۔ نتیش ریڈی نے سامنے لگاتار وکٹ گرتا دیکھ کر تیزی سے رن بنانے کی کوشش شروع کر دی، اور اسی کوشش میں وہ پیٹ کمنس کی گیند پر عثمان خواجہ کو کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے 59 گیندوں میں 41 رنوں کا تعاون کیا۔ محمد سراج بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مشیل اسٹارک، پیٹ کمنس اور مشیل مارش کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے۔ اسپنر ناتھن لیون واحد گیندباز رہے جنھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

جب آسٹریلیا کی بلے بازی شروع ہوئی تو جسپریت بمراہ نے خطرناک شکل اختیار کر رکھی تھی۔ ان کی گیندوں کا سامنا کرنا کسی بھی بلے باز کے لیے بہت مشکل ثابت ہو رہا تھا۔ پہلا وکٹ انھوں نے آسٹریلیا کے لیے ڈیبیو کرنے والے سلامی بلے باز ناتھن میکسوینی (10) کی شکل میں لیا، اور پھر جلد ہی دوسرے سلامی بلے باز عثمان خواجہ (8 رن) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اسٹیو اسمتھ (صفر) کو تو بمراہ نے پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد خطرناک نظر آ رہے ٹریوس ہیڈ (11 رن) کو ہرشت رانا نے اپنی ایک بہترین گیند پر بولڈ کر دیا۔ مشیل مارش (6 رن) بھی زیادہ دیر میدان پر نہیں ٹھہر سکے، کیونکہ محمد سراج نے انھیں سلپ میں کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ بہت دیر سے وکٹ پر جمے مارنس لابوشین (52 گیندوں پر 2 رن) کو بھی محمد سراج نے ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ آج کے دن کا آخری وکٹ پیٹ کمنس (3 رن) کی شکل میں گرا جنھیں بمراہ نے وکٹ کے پیچھے پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو آسٹریلیا کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 67 رن پہنچ چکا تھا۔ ایلیکس کیری 19 رن بنا کر اور مشیل اسٹارک 6 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔


ہندوستان کی طرف سے کپتان جسپریت بمراہ نے 10 اوورس میں 3 میڈن کے ساتھ محض 17 رن دے کر سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے ہیں۔ محمد سراج نے 9 اوورس میں 6 میڈن کے ساتھ 17 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، جبکہ ہرشت رانا نے 8 اوورس میں ایک میڈن کے ساتھ 33 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان نے ابھی تک اپنے چوتھے گیندباز کا استعمال نہیں کیا ہے۔ یعنی 3 گیندبازوں نے ہی مل کر آسٹریلیائی بلے بازی کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔