ہندوستانی گیندبازوں نے بنگلہ دیش کو 149 رنوں پر سمیٹا، دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر مجموعی سبقت 308 رنوں کی

ہندوستان نے دوسری اننگ میں 3 وکٹ کے نقصان پر 81 رن بنا لیے ہیں، کپتان روہت شرما، یشسوی جیسوال اور وراٹ کوہلی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی ٹیم، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

ہندوستانی ٹیم، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چنئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے آج دوسرے دن ہندوستانی گیندبازوں کی بہترین کارکردگی دیکھنے کو ملی۔ جسپریت بمراہ (4 وکٹ)، محمد سراج (2 وکٹ)، آکاش دیپ (2 وکٹ) اور رویندر جڈیجہ (2 وکٹ) نے بنگلہ دیش کو ہندوستانی اسکور 376 رنوں سے 227 رن پیچھے رہتے پویلین بھیج دیا۔ یعنی بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 149 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔

جب ہندوستان کی دوسری اننگ شروع ہوئی تو سلامی بلے باز روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے تیز رفتاری دکھائی، لیکن پھر روہت محض 5 رن اور یشسوی محض 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں وراٹ کوہلی اور شبھمن گل نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، لیکن مہدی حسن میراز کی ایک گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریویو میں گیند پہلے بلے سے لگتی ہوئی دکھائی دی اور کپتان روہت شرما سمیت سبھی حیران رہ گئے کہ آخر کوہلی نے ڈی آر ایس کیوں نہیں لیا۔ وراٹ نے 17 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد ہندوستان کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا اور آج کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 81 رن بنا لیے۔ ہندوستان کو اب مجموعی طور پر 308 رنوں کی سبقت مل چکی ہے۔ شبھمن گل 33 رن اور رشبھ پنت 12 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


اس سے قبل بنگلہ دیش کی پہلی اننگ پوری طرح لڑکھڑاتی ہوئی دکھائی دی۔ لنچ کے وقت تک ہی بنگلہ دیش کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 26 رن ہو گیا تھا۔ پھر اس کے بعد 12ویں اوور میں محمد سراج نے کپتان نظم الحسن شانتو (20) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بمراہ نے مشفق الرحیم (8) کو آؤٹ کیا۔ شکیب الحسن اور لٹن کمار داس نے کچھ دیر تک بنگلہ دیش کی اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ شکیب الحسن (32) اور لٹن کمار داس (22) کو رویندر جڈیجہ نے اپنا شکار بنایا۔ بعد ازاں حسن محمود (9) اور تسکین احمد (11) کو بمراہ نے آؤٹ کیا۔ 48ویں اوور میں محمد سراج نے ناہید رانا (11) کو آؤٹ کر بنگلہ دیش کی اننگ 149 کے اسکور پر سمیٹ دی۔ ہندوستان چاہتا تو بنگلہ دیش کو فالو آن دے سکتا تھا، لیکن اس نے بنگلہ دیش کو فالو آن نہ دیتے ہوئے دوسری اننگ میں بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کے تیز گیند باز تسکین احمد اور حسن محمود نے صبح کے سیشن میں ہندوستانی اننگ کو 376 پر سمیٹ دیا تھا۔ آج ہندوستان نے کل کے چھ وکٹ پر 339 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کا اسکور ابھی 347 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ تسکین احمد نے رویندر جڈیجہ کووکٹ کے پیچھے لٹن کے ہاتھوں کیچ کروا کر صبح کے سیشن کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ جڈیجہ (86) اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے آکاش دیپ (17) کو بھی تسکین احمد نے شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ تسکین نے 91 ویں اوور میں روی چندرن اشون (113) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی بڑے اسکور کی امیدوں کو دھچکا دیا۔ 10ویں وکٹ کے شکل میں بمراہ 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں حسن محمود نے آؤٹ کیا۔ ہندوستانی اننگ 91.2 اوورز میں کل کے اسکور میں 37 رنز کا اضافہ کر کے 376 پر ختم ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد کو تین وکٹ ملے۔ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔