بلائنڈ ٹی-20 عالمی کپ پر ہندوستان کا قبضہ برقرار، فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر لگاتار تیسری بار بنا چمپئن

آج کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی طرف سے دو کھلاڑیوں نے اپنی سنچری مکمل کی، سنیل رمیش نے 63 گیندوں پر 136 رن بنائے، جبکہ کپتان اجئے ریڈی نے 50 گیندوں پر 100 رنوں کی اننگ کھیلی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی کرکٹ میں آج اس وقت ایک نیا باب جڑ گیا جب بلائنڈ یعنی نابینا کرکٹروں کی ٹیم نے ٹی-20 عالمی کپ 2022 کا فائنل جیت کر خطاب کی ہیٹ ٹرک لگا دی۔ ہفتہ کے روز کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستان نے بنگلہ دیش پر 120 رنوں سے جیت درج کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے دو وکٹ کے نقصان پر 277 رن بنائے تھے، لیکن جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم بیس اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر محض 157 رن ہی بنا سکی۔ ہندوستانی ٹیم نے اس سے قبل 2012 اور 2017 میں اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کیا تھا۔

آج کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی طرف سے دو کھلاڑیوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔ سنیل رمیش نے 63 گیندوں پر 136 رن بنائے، جبکہ کپتان اجئے ریڈی نے 50 گیندوں پر 100 رنوں کی اننگ کھیلی۔ بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی بات کی جائے تو صرف سلمان ہی ایسے کھلاڑی رہے جنھوں نے اپنی بلے بازی سے لوگوں کو متاثر کیا۔ انھوں نے 66 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔ سلمان کو کسی دیگر بلے باز کا ساتھ نہیں ملا جس کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


ہندوستان کی طرف سے اننگ کی شروعات سلامی بلے بازوں وی راؤ اور سنیل رمیش کے ذریعہ ہوئی تھی۔ راؤ 12 گیندوں پر محض 10 رن بنا کر سلمان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اور پھر ان کے بعد بلے بازی کے لیے میدان پر اترے ایل مینا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ انھیں سلمان نے ہی بولڈ کر دیا۔ دو وکٹ گر جانے کے بعد کپتان اجئے ریڈی اور وی راؤ نے ٹیم کو مزید کوئی نقصان نہیں پہنچنے دیا اور طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ بھی کیا۔ دونوں ہی کھلاڑی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔