تیسرا ون ڈے LIVE: ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہندوستان کی 43 رنوں سے شکست

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بلے بازی کرنے کو کہا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

27 Oct 2018, 9:28 PM
وراٹ کوہلی کی سنچری کو ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے رائیگاں کر دیا

ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے آخر کار ہندوستانی بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور 47.4 اوور میں ہی 240 رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان وراٹ کوہلی کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز میدان پر ٹھہر کر نہیں کھیل سکا۔ وراٹ کوہلی نے جہاں 107 رن بنائے وہیں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز شکھر دھون رہے جنھوں نے 35 رن بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیموئلس نے آخر میں ہندوستانی بلے بازوں کو بہت پریشان کیا۔ انھوں نے 3.4 اوور میں محض 12 رن دے کر 3 وکٹ لے لیے۔ باقی گیندبازوں نے بھی قابل تعریف گیندبازی کی اور وراٹ کوہلی کی اچھی بلے بازی کے باوجود دوسری طرف کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے رہے۔

27 Oct 2018, 9:09 PM
وراٹ کوہلی 107 رن بنا کر آؤٹ، ہندوستان مشکل میں

ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔ اب تک بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی بھی سنچری بنانے کے بعد جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 107 رن کی پاری کھیلی۔ وہ سیموئلس کا شکار بنے۔ ان کے بعد چہل بھی محض 3 رن بنا کر کیمر روچ کا شکار بن گئے۔ اس وقت محمد خلیل اور کلدیپ یادو بلے بازی کر رہے ہیں اور ان دونوں کے پاس بلے بازی کا بہت زیادہ تجربہ نہیں ہے۔ 45 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 230 رن ہے۔ گویا کہ 30 گیندوں پر ہندوستان کو فتح کے لیے 54 رن درکار ہیں۔ گویا کہ ہندوستان کا رن ریٹ بھی کافی بڑھ چکا ہے۔

27 Oct 2018, 8:54 PM
بھونیشور آؤٹ، ہندوستان کا اسکور 41 اوور میں 218/6

ایک طرف جہاں ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے شاندار سنچری بنا لی ہے وہیں دوسری طرف ہندوستان کا کوئی دیگر کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک ٹھہر نہیں پا رہا ہے۔ بھونیشور کمار بھی محض 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انھیں میک کوئے نے پاویل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ وراٹ کوہلی اس وقت 117 گیندوں میں 106 رن بنا کر کھیل رہے ہیں اور ہندوستان کا اسکور 41 اوور کے بعد 6 وکٹ کے نقصان پر 218 رن ہے۔


27 Oct 2018, 8:27 PM
دھونی محض 7 رن بنا کر آؤٹ، وراٹ کوہلی پر دباؤ بڑھا

محض 7 رن کے اسکور پر مہندر سنگھ دھونی بھی پویلین لوٹ گئے ہیں۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی مشکلیں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ حالانکہ دوسری طرف وراٹ کوہلی اپنی سنچری کے قریب ہیں اور وہ انتہائی بہترین بلے بازی کر رہے ہیں۔ لیکن دوسری طرف سے لگاتار وکٹ گرنے کی وجہ سے ان پر بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ دھونی کو ہولڈر نے ہوپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ وراٹ کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں بھونیشور کمار آئے ہیں۔

27 Oct 2018, 8:09 PM
رشبھ پنت 24 رن بنا کر آؤٹ

تیز بلے بازی کر رہے رشبھ پنت 18 گیند میں 24 رن بنا کر ایشلے نرس کا شکار بن گئے۔ انھیں وکٹ کیپر ہوپ نے کیچ کیا۔ اب وراٹ کوہلی کا ساتھ دینے کے لیے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کریز پر آئے ہیں۔


27 Oct 2018, 8:05 PM
30 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 166/3، کوہلی سنچری کے قریب

ہندوستان دھیرے دھیرے فتح کی طرف گامزن نظر آ رہا ہے۔ حالانکہ ہندوستان کے تین وکٹ گر چکے ہیں اور رن ریٹ بہت زیادہ تیز نہیں ہے لیکن کپتان وراٹ کوہلی 84 گیندوں پر 73 رن بنا کر کھیل رہے ہیں اور دھیرے دھیرے سنچری کی طرف بڑھ رہے۔ ان کا ساتھ رشبھ پنت بھی بخوبی نبھا رہے ہیں جنھوں نے محض 15 گیندوں میں 23 رن بنا ڈالے ہیں۔ رائیڈو 27 گیند میں 22 رن بنا کر میک کوائے کا شکار بنے،

27 Oct 2018, 7:45 PM
25 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 134/2

وراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 25 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 134 رن ہو گیا ہے۔ وراٹ کوہلی اس وقت 72 گیندوں پر 65 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ دوسری طرف امباتی رائیڈو 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 22 رن بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ دونوں ہی کھلاڑی دھیرے دھیرے ہندوستان کو فتح کی جانب لے جا رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے نرس نے 7 اوور میں 33 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا ہے اور ایلن نے 6 اوور میں 27 رن خرچ کیے ہیں۔ انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔


27 Oct 2018, 7:18 PM
ویسٹ انڈیز کو ملی دوسری کامیابی، شکھر دھون 35 رن بنا کر آؤٹ

ایشلے نرس نے شکھر دھون کو 35 رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی دلا دی ہے۔ پچھلے پانچ اوورس میں ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں نے اچھی گیندبازی کرتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑیوں پر دباؤ بنایا ہوا تھا۔ شکھر دھون نے 45 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 35 رن بنائے۔ اب بلے بازی کے لیے امباتی رائیڈو آئے ہیں۔ دوسری طرف وراٹ کوہلی 42 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

27 Oct 2018, 7:09 PM
15 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 83/1

ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نصف سنچری کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے 45 گیندوں میں 39 رن بنائے ہیں جب کہ دوسری طرف شکھر دھون 36 گیند میں 33 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ 15 اوور کا کھیل ختم ہونے کے بعد ہندوستان نے 83 رن بنا لیے ہیں اور اس کا محض ایک وکٹ روہت شرما کی شکل میں گرا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر نے 5 اوور میں 30 رن دے کر ایک وکٹ لیا ہے جب کہ کیمر روچ نے 5 اوور میں 23 رن دیے ہیں۔ نرس نے اپنے 2 اوور میں محض 5 رن بنا دیے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے گیندباز ہندوستانی بلے بازوں کو بہت زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں، لیکن ہندوستانی بلے باز وقت وقت پر باؤنڈری لگا کر خود پر دباؤ نہیں آنے دے رہے ہیں۔


27 Oct 2018, 6:45 PM
10 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 54/1

روہت شرما کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے 10 اوور میں 54 رن بنا لیے ہیں۔ روہت شرما 8 رن بنا کر ہولڈر کا شکار بنے۔ اس وقت شکھر دھون 22 گیندوں میں 20 رن اور وراٹ کوہلی 29 گیند میں 23 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

27 Oct 2018, 5:38 PM
نرس کی طوفانی بلے بازی کے سہارے ویسٹ انڈیز نے بنائے 283 رن

آخری کے اووروں میں ایشلے نرس کی تیز طرار بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کے سامنے فتح کے لیے 284 رن کا ہدف رکھا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے اور وہ واحد ایسے گیندباز رہے جنھوں نے بلے بازوں کو لگاتار پریشان کیا۔ انھوں نے اپنے 10 اوور میں محض 35 رن خرچ کیے۔ بھونیشور کمار نے 10 اوور میں 70 رن اور محمد خلیل نے 10 اوور میں 65 رن دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ کلدیپ یادو نے 10 اوور میں 52 رن دے کر دو وکٹ جب کہ یجوویندر چہل نے 10 اوور میں 56 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ نے سب سے زیادہ 95 رن بنائے جب کہ آخر کے اووروں میں تیز رن بنانے والے نرس 22 گیندوں پر 40 رن بنا کر بمراہ کا شکار ہوئے۔ ہٹمایر نے 21 گیندوں پر 37 رن بنا کر ویسٹ انڈیز کے لیے کچھ اچھے رن جٹائے۔


27 Oct 2018, 3:52 PM

37 اووروں میں ویسٹ انڈیز نے 188 رن بنائے ہیں اور اس کی نصف ٹیم پویلین میں لوٹ چکی ہے۔ رومین پاوویل کو کلدیپ یادو نے توہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس سے قبل 111 کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کا چوتھا ویٹ گرا تھا۔ شیمرون ہیٹمیئر کو کلدیپ یادو کی گیند پر دھونی نے اسٹمپ آؤٹ کر دیا تھا۔

27 Oct 2018, 2:50 PM

ویسٹ انڈیز نے 55 کے اسکور پر اپنا تیسرا وکٹ گنوایا۔ مارلون سیمولس کو خلیل احمد نے اپنا شکار بنایا، مہندر سنگھ دھونی میچ میں دوسرا کیچ لپکا ہے۔ ویسٹ انڈیز کا اسکور اس وقت 111 ہے اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔


27 Oct 2018, 2:11 PM

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بلے بازی کرنے کو کہا۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی ہے اور اس کے دنوں سلامی بلےباز آؤٹ ہو چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے 39 کے اسکور پر 2 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ دونوں وکٹ جسپریت بمرا نے حاصل کئے ہیں۔ بمرا نے چندرپال ہیمراج دھونی کے ہاتھوں اور کیرن پاویل کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

قبل ازیں، ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے گوہاٹی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ کو جیت کر سریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ وساکھاپٹنم میں کھیلا گیا دوسرا میچ ٹائی ہو گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔