نیوزی لینڈ سے سیریز ہار چکی ہندوستانی ٹیم آخری وَن ڈے میں وقار قائم رکھنے اترے گی

ٹیم کے سلامی بلے بازوں مینک اگروال اور پرتھوی شا پر جہاں پہلے ون ڈے کی طرح اچھی شراکت داری نبھا کر ٹیم کو مضبوط آغاز دلانے کی ذمہ داری ہوگی وہیں مڈل آرڈر کو توازن قائم رکھ کر ٹیم کا اسکور بڑھا نا ہوگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ماؤنٹ مونگانوئی: نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستانی ٹیم منگل کے روز کھیلے جانے والے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں وقار برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 0۔2 سے شکست دے کر یک روزہ سیریز اپنے نام کر لی ہے اور وہ آخری مقابلہ جیت کر ٹیم انڈیا سے ٹی ۔ 20 سیریز میں ملی 5۔0 کی شکست کا بدلہ لینا چاہے گی جبکہ ٹیم انڈیا یہ میچ اپنا وقار بچانے کے ارادے سے کھیلے گی۔

ٹی -20 سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم انڈیا یک روزہ سیریز میں ناکام ثابت ہوئی اور اسے پہلے دو مقابلوں میں کیوی ٹیم سے شکست کھانی پڑی۔ پہلے مقابلے میں ٹیم انڈیا نے بلے بازی کا شاندار مظاہرہ کیا لیکن اس کی گیندبازی خراب رہی اور اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسرے مقابلے میں ٹیم کی بلے بازی بھی مکمل طور پر ناکام رہی۔


کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو تیسرے میچ میں اپنی بلے بازی اور گیند بازی کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ ٹیم کے سلامی بلے بازوں مینک اگروال اور پرتھوی شا پر جہاں پہلے ون ڈے کی طرح اچھی شراکت داری نبھا کر ٹیم کو مضبوط آغاز دلانے کی ذمہ داری ہو گی وہیں مڈل آرڈر کو توازن قائم رکھ کر ٹیم کا اسکور بڑھا نا ہوگا۔

وراٹ، شريس ایر اور لوکیش راہل کو مڈل آرڈر میں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہندوستانی اننگز کووسعت دینی ہوگی جس سے نچلے آرڈر کے کھلاڑیوں پر دباؤ کم پڑ سکے۔ دوسرے ون ڈے میچ میں شريس کے علاوہ مڈل آرڈر کا کوئی بھی بلے باز کارنامہ نہیں کر سکا تھا جس کی وجہ سے نچلے آرڈر پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔


انڈیا کے لئے اطمینان کی بات ہے کہ ایئر جہاں مڈل آرڈر میں اپنی فارم میں چل رہے ہیں وہیں نچلے آرڈر میں نوديپ سینی اور رویندر جڈیجہ گیند بازی کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی اپنا کردار ادا بخوبی نبھارہے ہیں۔ گزشتہ میچ میں سینی اور جڈیجہ نے بہترین شراکت داری نبھاتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن یہ جوڑی ٹیم کو فتح نہیں دلا پائی تھی۔

سینی نے گزشتہ میچ میں 45 رنوں کی اننگ کھیلی لیکن تیز رن بنانے کے چکر میں وہ اپنا وکٹ گنوابیٹھے تھے۔ انہیں اپنی پچھلی غلطی سے سبق لیتے ہوئے تیسرے میچ میں ضرورت پڑنے پر صبر و تحمل سے بلے بازی کرنی ہوگی اور ٹیم کے تیز گیند بازوں کو اپنی غلطیوں میں سدھار کرتے ہوئے نپی تلی بولنگ کرنی ہوگی۔ گیند بازوں نے پہلے مقابلے میں 24 وائڈ دیئے تھے جو ٹیم کی شکست کی ایک بڑی وجہ بنی تھی۔


ٹیم انڈیا کے گیندبازوں کو اچھی گیند بازی کرنی ہوگی اور اضافی رن دینے سے بچنا ہوگا۔ اسپن گیندباز جڈیجہ اور یجویندر چہل کو کیوی بلے بازوں کو روکنے کی ذمہ داری ہوگی۔ حالانکہ چہل نے گزشتہ مقابلے میں تین وکٹ لئے تھے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 273 رنوں پر ہی ڈھیر کردیا تھا۔

ٹیم انڈیا کے گیندبازوں کو فارم میں چل رہے نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز مارٹن گپتل اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلد ہی آؤٹ کرنا ہوگا جس سے کیوی ٹیم پر دباؤ بنا رہے گا۔ گپتل نے گزشتہ مقابلے میں 79 رن بنائے تھے اور ہینری نکولس کے ساتھ مل کر ٹیم کو مضبوط شروعات دلائی تھی جبکہ ٹیلر نے پہلے مقابلے میں سنچری بنائی تھی اور گزشتہ مقابلے میں ناٹ آؤٹ 73 رن بنائے تھے۔


اس مقابلے میں ٹیم انڈیا کے پاس گنوانے کے لئے کچھ نہیں ہے لہذا ٹیم میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ کپتان وراٹ نے بھی گزشتہ مقابلے کے بعد کہا تھا کہ وہ آخری میچ میں ٹیم میں تبدیلی کریں گے اس سے ظاہر ہے کہ ٹیم میں کچھ سینئر کھلاڑیوں کو وقفہ دے کر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے مقابلے کے لئے ٹیم میں اسپن گیند باز ایش ساوڈھی اور بلیئر ٹكنر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔یہ دونوں کھلاڑی فی الحال نیوزی لینڈ ٹیم اے کا حصہ تھے جن کا مقابلہ ٹیم انڈیا اے کے ساتھ ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے لئے باعث تشویش بات ہے کہ اس کے کپتان کین ولیمس زخمی ہونے کی وجہ سے پہلے دو مقابلوں میں ٹیم کا حصہ نہیں رہے تھے اور ان کی جگہ ٹام لاتھم نے کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور اب بھی ولیمسن کے تیسرے میچ میں کھیلنے کی امید کم ہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Feb 2020, 11:11 PM