ہندوستان بنام بنگلہ دیش: آلودگی کو شکست دینے والی ٹیم جیتے گی پہلا ٹی-20
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے پہلا سوال آلودگی کے بارے میں پوچھا جاتا ہے لیکن بی سی سی آئی کے صدر گنگولی نے کہا ہے کہ میچ اپنے پروگرام کے مطابق ہوگا کیونکہ اتنے کم وقت میں اسے شفٹ نہیں کیا جا سکتا
نئی دہلی: ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اتوار کو یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹی -20 میچ سے پہلے مکمل بحث کھلاڑیوں سے زیادہ دارالحکومت آلودگی پر سمٹی ہوئی ہے اور جو ٹیم آلودگی کو قابو کرے گی وہ تین میچوں کی سیریز میں برتری بنانے میں کامیاب رہے گی۔
فیروز شاہ کوٹلہ میدان کا نام ارون جیٹلی اسٹیڈیم رکھے جانے کے بعد اس اسٹیڈیم میں یہ پہلا میچ ہے لیکن دیوالی کے ٹھیک بعد اس میچ کا ہونا پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔ دارالحکومت میں آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، اسکول بند کر دیئے گئے ہیں، تعمیراتی کام روک دیئے گئے ہیں اور مہمان ٹیم کے کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف ماسک پہن کر مشق کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے پہلا سوال آلودگی کے بارے میں پوچھا جاتا ہے لیکن بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گنگولی نے واضح کیا ہے کہ میچ اپنے پروگرام کے مطابق کھیلا جائے گا کیونکہ اتنے کم وقت میں اسے شفٹ نہیں کیا جا سکتا۔
دیوالی کے بعد دارالحکومت کے آسمان پر دھوئیں کی پرت بچھی ہوئی ہے اور سورج دیوتا کے درشن نہیں ہو رہے ہیں۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کو ایک دوسرے سے زیادہ آلودگی سے نمٹنا ہوگا اور کھیل میں اچھی کارکردگی کرنی ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم گھریلو زمین پر مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس سے پہلے اس نے جنوبی افریقہ سے ٹی -20 سیریز 1-1 سے ڈرا کھیلی تھی اور ٹیسٹ سیریز 3-0 سے جیتی تھی۔ ہندوستان کے لئے میچ شروع ہونے سے پہلے اچھی خبر ہے کہ وراٹ کوہلی کی جگہ اس سیریز میں کپتانی سنبھال رہے اوپنر روہت شرما فٹ ہیں اور آج انہوں نے اسٹیڈیم میں میچ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کا اعتماد ظاہر کیا۔
ہندوستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور اور بنگلہ دیش کے کوچ رسل ڈومنگو دونوں نے کل کہا تھا کہ دارالحکومت میں آلودگی کی حالت تشویشناک ضرور ہے لیکن وہ میچ کھیلیں گے۔ راٹھور نے کہا کہ میں نے اپنی مکمل کرکٹ شمالی ہندوستان میں کھیلی ہے، ہاں یہاں آلودگی کے مسائل ہیں، لیکن ہم کھیلیں گے کیونکہ میچ پہلے ہی مقرر کیا گیا ہے۔ ایک بار جب آپ ایک کھیل میں ہوتے ہیں تو آپ ان چیزوں پر توجہ نہیں دیتے۔ اگر آپ یہاں کھیلنے کے لئے آئے ہیں۔ تو آپ یہاں میچ کھیلیں۔
دوسری طرف ڈومنگو نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ آلودگی کی وجہ سے کنڈیشنز مثالی نہیں ہیں لیکن اس سے کسی کی موت نہیں ہونے والی ہے۔ ویسے آلودگی ہمارے ملک میں بھی ایک مسئلہ ہے لیکن ہمارے کھلاڑیوں کا پورا خیال میچ پر ہے اور انہوں نے اسے لے کر کوئی شکایت نہیں کی ہے۔ ہمارے لئے یہ مسئلہ اتنی بڑا نہیں ہے جتنا دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کے لئے ہے۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) بھی آلودگی کو لے کر اضافی احتیاط برت رہا ہے۔ ڈی ڈی سی اے کے صدر رجت شرما نے کہا کہ جیسا آپ جانتے ہیں کہ بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ آخری وقت میں میچ کو شفٹ کرنا ممکن نہیں ہے اور ہم مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ساتھ ملاقات کر کے آلودگی پر کنٹرول کرنے کے لئے ہر ممکن ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ ڈی ڈی سی اے نے اس سلسلے میں میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور اسٹیڈیم کے ارد گرد آلودگی کو کم کرنے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس دوران کھلاڑیوں کے نظریے سے دیکھا جائے تو روہت کا فٹ ہونا ہندوستان کے لئے اچھی خبر ہے۔ روہت کو جمعہ کو پریکٹس میں تھروڈاؤن کے دوران بائیں ران پر گیند لگ گئی تھی جس سے انہیں نیٹ سیشن چھوڑ کر جانا پڑا۔ لیکن طبی جانچ میں ان کی چوٹ سنگین نظر نہیں آئی اور انہیں میچ کھیلنے کے لئے فٹ قرار دیا گیا۔ روہت ٹیم کے کپتان ہونے کے علاوہ ٹاپ بلے باز بھی ہیں اور ان کے مضبوط کندھوں پر ٹیم کی بلے بازی کا دار و مدار ٹکا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Nov 2019, 7:11 PM