انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، جسپریت بمراہ کی واپسی
کے ایل راہل فٹ نس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے جس کی وجہ سے انھیں ٹیم میں جگہ نہیں ملی، واشنگٹن سندر کو رنجی ٹرافی سیمی فائنل میچ کھیلنے کے لیے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ دھرمشالہ میں 7 مارچ سے کھیلا جائے گا۔ اس ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی ہندوستانی ٹیم کا آج اعلان کر دیا گیا۔ ایک طرف جہاں جسپریت بمراہ کی واپسی ہوئی ہے، وہیں واشنگٹن سندر کو رنجی میچ کھیلنے کے لیے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ کے ایل راہل ایک بار پھر ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے کیونکہ ابھی تک وہ پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔
بی سی سی آئی کے ذریعہ جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ کے ایل راہل کا دھرمشالہ ٹیسٹ میں کھیلنا فٹ نس ٹیسٹ پاس کرنے پر منحصر کرتا تھا، لیکن راہل ریکور نہیں ہونے کی وجہ سے اس ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کے ایل راہل کا خیال رکھ رہی ہے اور بہتر علاج کے لیے انھیں لندن بھیجا گیا ہے۔
اپنے بیان میں بی سی سی آئی نے بمراہ کے تعلق سے لکھا ہے کہ ’’جسپریت بمراہ کو رانچی ٹیسٹ سے پہلے ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا تھا، لیکن پانچویں ٹیسٹ کے لیے بمراہ کی واپسی ہوئی ہے۔ بمراہ دھرمشالہ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جڑیں گے۔‘‘ سندر کے تعلق سے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’واشنگٹن سندر کو رنجی میچ (سیمی فائنل) کھیلنے کے لیے ریلیز کیا گیا ہے۔ سندر تمل ناڈو کی طرف سے ممبئی کے خلاف رنجی میچ کھیلیں گے۔ ضرورت پڑنے پر ہی سندر آخری ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جڑیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم میں اس وقت کئی نئے کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کئی سینئر کھلاڑی یا تو چوٹ کی وجہ سے باہر ہیں، یا پھر ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹیم سے باہر ہیں۔ محمد سمیع انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بن پائے کیونکہ حال ہی میں انھوں نے لندن میں آپریشن کرایا ہے۔ وہ تین چار ماہ بعد ہی میدان میں واپسی کر پائیں گے۔ وراٹ کوہلی کے گھر بیٹا پیدا ہوا ہے، اس لیے وہ اپنی فیملی کے ساتھ زندگی کے خوشگوار لمحات گزار رہے ہیں۔ کوہلی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے شروعاتی میچ کا حصہ تھے، لیکن بعد میں ان کی درخواست پر بورڈ نے ٹیم سے ریلیز کر دیا۔
دھرمشالہ ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پاٹیدار، سرفراز کان، دھرو جوریل، کے ایس بھرت، دیودت پڈیکل، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، آکاش دیپ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔