بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی-20 میں ہندوستان کی شاندار جیت

ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی-20 میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے 127 رنز بنائے جبکہ ہندوستان نے 11.5 اوورز میں 132 رنز بناتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

گوالیار: ہندوستان نے تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ گوالیار انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 127 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان نے مطلوبہ ہدف 49 گیندیں باقی رکھتے ہوئے حاصل کر لیا۔

ہندوستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 11.5 اوورز میں 132 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔ ہاردک پانڈیا نے ناقابل شکست 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سوریا کمار یادو اور سنجو سیمسن نے 29-29 رنز بنائے۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔


قبل ازیں، ہندوستانی کپتان سوریا کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں ارشدیپ سنگھ نے لٹن کمار داس (4) کا وکٹ حاصل کر کے پہلا جھٹکا دیا اور ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد انہوں نے ہی تیسرے اوور میں پرویز حسین (8) کو بولڈ کر کے بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا دیا۔

اس دوران کپتان نجم الحسین شانتو نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ساتویں اوور میں محمد توحید (12) کو ورون چکرورتی نے اپنا شکار بنایا۔ مینک یادو نے اپنے ڈیبیو میچ میں محمود اللہ (1) کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔ ذاکر علی (8) کو ورون چکرورتی نے ہی 10ویں اوور میں بولڈ کر دیا۔ 12ویں اوور میں واشنگٹن سندر نے نجم الحسین (27) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔


رشاد حسین (11)، تسکین احمد (12)، شرف الاسلام (صفر) اور مستفیض الرحمان (ایک) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مہدی حسن میراز نے 32 گیندوں پر (35 ناٹ آؤٹ) رنز کی اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 127 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔

ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ہاردک پانڈیا، مینک یادیو اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔