ہندوستان نے پونم اور ہرمن کی بلے بازی کی بدولت بنائے 266 رن

پچھلے تین میچوں میں ہندوستانی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہونے والی شبنم اسماعیل آج ہندوستانی لڑکیوں کے نشانے پر رہیں، جن کی جم کر دھنائی کی گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: پونم راوت (104 ناٹ آؤٹ) کی سنچری اور ہرمن پریت کور (54) کی بہترین نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے اتوار کے روز چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کی خاتون ٹیم کے خلاف چار وکٹ پر 266 رن بنائے۔ ہندوستانی خاتون ٹیم نے اٹل بہاری واجپئی ایکانہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کے بعد پانچویں اوور میں اسمرتی ماندھنا (10) کا پہلا وکٹ پانچویں اوور میں گنوانے کے بعد سنبھل کر کھیلنا شروع کیا۔ نئی بلے باز پونم نے پریا پنیا (32) کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 61 رن تک پہنچا دیا، جبکہ بعد میں انہوں نے کپتان میتالی راج (45) کے ساتھ 97 رنز کی کارآمد شراکت داری کی۔ متالی کے آؤٹ ہونے کے بعد پونم نے کریز پر ہرمن پریت کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں 88 رنوں کا اضافہ کیا۔

پونم نے اپنے کیریئر کی تیسری سنچری 123 گیندیں کھیل کر 10 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ جبکہ دوسرے سرے پر بیٹنگ کر رہی ہندوستانی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت نے بہترین انداز میں مہمان گیند بازوں کے بخئے اڈھیڑتے ہوئے اپنی نصف سنچری اننگز میں ایک زوردار چھکے کے علاوہ سات بار گیندوں کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔ یہ ہرمن پریت کے کیریئر کی 12 ویں نصف سنچری تھی۔


پچھلے تین میچوں میں ہندوستانی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہونے والی شبنم اسماعیل آج ہندوستانی لڑکیوں کے نشانے پر رہیں، جن کی گیندوں کی جم کر دھنائی کی گئی۔ جنوبی افریقی گیند باز نے دس اوورز میں 50 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ ٹُمی شیخوخونا نے دو ہندوستانی بلے بازوں کو 63 رنز پر پویلین بھیجا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-1 سے پیچھے رہی ہندوستانی ٹیم کے لئے یہ میچ کافی اہم ہے اور اسے جیتنے کے لئے اب میزبان گیند بازوں کا امتحان ہو گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔