ہند-پاک کرکٹ کی ہونے والی ہے واپسی، ٹی-20 سیریز کے امکانات روشن!

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر سے کرکٹ تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک اس سال تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیل سکتے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر سے کرکٹ تعلقات بحال ہونے کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ دونوں ملک اس سال تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیل سکتے ہیں۔ پاکستانی اردو اخبار ’ڈیلی جنگ‘ کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملک اس سال ٹی-20 میچوں کی ایک چھوٹی سی سیریز کھیل سکتے ہیں۔ اخبار نے اعلیٰ عہدوں پر فائز ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ دو فریقی سیریز کھیلنے پر غور کر رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک افسر نے پہلے تو اس معاملے میں کچھ بھی بولنے سے انکار کر دیا۔ لیکن بعد میں انھوں نے کہا کہ انھیں اس کے لیے (سیریز) تیاری کرنے کو کہا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیں صرف تین ہی میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیل سکتی ہیں اور اس کے لیے چھ دنوں کے ونڈو کی تلاش جاری ہے۔


اخبار نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اگر سیریز کی شروعات ہوتی ہے تو ہندوستانی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی کیونکہ گزشتہ بار جب 13-2012 میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو فریقی سیریز کھیلی گئی تھی تو پاکستانی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ حالانکہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ اس سیریز کو لے کر ابھی تک کسی نے بھی ان سے رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں ہندوستانی بورڈ نے ان سے بات چیت کی ہے۔

غور طلب ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے 13-2012 کے بعد سے کوئی بھی دو فریقی سیریز نہیں کھیلی ہے۔ لیکن دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹورنامنٹوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔