نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست، ہندوستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب تقریباً چکنا چور

کپتان وراٹ کوہلی سے کافی توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ بغیر کسی باؤنڈری کے 17 گیندوں میں نو رنز بنانے کے بعد سوڈھی کا دوسرا شکار بن گئے۔ سوڈھی اپنی سالگرہ پرمیچ کے بہترین کھلاڑی بنے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں یکطرفہ مقابلہ میں ہندوستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا دعویٰ مضبوط کر لیا۔ ہندوستان کا لگاتار دوسری ہار کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب تقریباً چکنا چور ہو گیا ہے ۔ہندوستان کو مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 110 رن تک محدود رکھنے کے بعد نیوزی لینڈ نے 14.3 اوور میں دو وکٹ پر 111 رن بنا کر دو میچوں میں پہلی جیت درج کی۔

جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کی دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ بمراہ نے مارٹن گپٹل کو شاردل ٹھاکر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ لیکن پھر ڈیرل مچل نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 54 گیندوں میں 72 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔بمراہ نے مچل کو لوکیش راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔ مچل نے 35 گیندوں پر 49 رنز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ڈیون کونوے ولیمسن کا ساتھ دینے آئے۔ دونوں نے نیوزی لینڈ کو 14.3 اوورز میں فتح دلائی۔ ولیمسن نے 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 33 رنز میں تین چوکے لگائے جبکہ کونوے دو رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔


اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے اوپننگ میں لوکیش راہل کے ساتھ روہت شرما کی جگہ ایشان کشن کو میدان میں اتارا۔ کشن نے آٹھ گیندوں میں چوکا لگایا لیکن بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر ڈیرل مچل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ہندوستان کی پہلی وکٹ 11 کے اسکور پر گری۔

تیسرے بلے باز کے طور پر میدان پر اترنے والے روہت شرما نے آتے ہی ٹرینٹ بولٹ کے باؤنسر کو ہک کیا لیکن باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔ تاہم روہت اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور 14 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بناکر لیگ اسپنر ایش سوڈھی کی گیند پر مارٹن گپٹل کو کے ہاتھوں کیچ دیکرآؤٹ ہوگئے۔ کپتان وراٹ کوہلی سے کافی توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ بغیر کسی باؤنڈری کے 17 گیندوں میں نو رنز بنانے کے بعد سوڈھی کا دوسرا شکار بن گئے۔ سوڈھی اپنی سالگرہ پرمیچ کے بہترین کھلاڑی بنے۔


وکٹ کیپر رشبھ پنت نے بغیر کسی باؤنڈری کے 19 گیندوں میں 12 رنز بنائے اور ایڈم ملنے کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پنت کا وکٹ 70 کے اسکور پر گرا۔ ہاردک پانڈیا نے کوئی بڑا شاٹ نہیں کھیلا اور 24 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر گپٹل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شاردل ٹھاکر تین گیندیں کھیلنے کے بعد اپنا کھاتہ نہ کھول سکے اور بولٹ کی گیند پر گپٹل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ روندر جڈیجہ نے 19 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ جدیجہ کو آخری گیند پر زندگی ملی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 20 رنز کے عوض تین اور سوڈھی نے 17 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤدی اور ایڈم ملنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔