سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو دی شکست، سیریز 1-1 سے برابر، آخری مقابلہ ہوگا دلچسپ

میچ کے آخری اوورس میں مہندر سنگھ دھونی کا دنیش کارتک نے خوب ساتھ نبھایا اور 14 گیندوں میں بغیر آؤٹ ہوئے تیز طرار 25 رن بنائے۔ دھونی نے 54 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 55 رن بنائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مہندر سنگھ دھونی کے ’فنشنگ ٹچ‘ اور کپتان وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا کے ساتھ تین یک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں ہندوستان نے کامیابی کی عبارت لکھ دی۔ پانچویں وکٹ کے لیے شراکت داری میں مہندر سنگھ دھونی کا دنیش کارتک نے بھی خوب ساتھ نبھایا اور 14 گیندوں میں بغیر آؤٹ ہوئے تیز طرار 25 رن بنائے۔ دھونی نے 54 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 55 رن بنائے اور ان دونوں بلے بازوں کے طوفانی کھیل کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخر کے 5 اوور میں انھوں نے بغیر وکٹ گنوائے 53 رن بنائے۔ دونوں نے مل کر چار گیند رہتے یہ جیت حاصل کر لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

اس سے قبل 299 رنوں کا پیچھا کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو شکھر دھون نے طوفانی شروعات دی تھی۔ دھون اور روہت شرما کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 47 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ دھون 28 گیندوں میں 32 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان کوہلی کے ساتھ مل کر روہت نے پاری کو آگے بڑھایا اور ہندوستان کے اسکور کو 100 کے پار پہنچا دیا۔ روہت 43 رن بنا کر اسٹوئنس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں امباتی رائیڈو نے وراٹ کوہلی کے ساتھ اچھی شراکت داری کی۔ رائیڈو 24 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اس درمیان بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے رہے اور سنچری مکمل کی۔ لیکن سنچری بنانے کے کچھ ہی دیر بعد وہ 104 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد دھونی اور کارتک نے کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا اور تین میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو 1-1 کی برابری پر لا کھڑا کیا۔ اب تیسرا اور آخری یک روزہ میچ کافی دلچسپ ہو گیا ہے۔

جہاں تک آسٹریلیا کی بلے بازی کا سوال ہے، تو شان مارش شاندار 131 اور گلین میکس ویل کے طوفانی 48 رنوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 299 رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم نے شروعات بہت سنبھل کر کی۔ کپتان ایرون فنچ نے الیکس کیری کے ساتھ مل کر پہلے 6 اوور میں محض 18 رن بنائے۔ اس کے بعد فنچ ایک بار پھر بھونیشور کمار کی گیند کو سمجھنے میں بھول کر بیٹھے اور بولڈ ہو گئے۔ فنچ کے بعد اگلے ہی اوور میں الیکس کیری بھی محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کیری کو 18 کے اسکور پر شامی نے دھون کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ دو وکٹ گرنے کے بعد مارش اور خواجہ کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 56 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ اس شراکت داری کو رویندر جڈیجہ نے توڑنے کا کام کیا۔ کلدیپ یادو کے اوور میں جڈیجہ نے شاندار انداز میں آسٹریلیائی بلے باز کو رن آؤٹ کر ہندوستان کو زبردست کامیابی دلانے کا کام کیا۔

اس کے بعد 22 گیندوں میں 20 رنوں کی پاری کھیلنے والے پیٹر ہینڈسکومب کو دھونی نے بہت سمجھداری کے ساتھ اسٹمپ کر پویلین بھیج دیا۔ دوسری طرف محمد شامی نے بھی اپنے اوور میں اسٹوئنس کو آؤٹ کر آسٹریلیا کی امیدوں کو زبردست جھٹکا دیا۔ اسٹوئنس 29 رن بنا کر وکٹ کے پیچھے دھونی کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔