ہندوستان نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی، بمراہ اورپانڈیا جیت کے ہیرو

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2024 کے دلچسپ میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی۔ یہ موجودہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی لگاتار دوسری فتح اورپاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

آئی سی سی مرد ٹی ٹوئنٹی عالمی  کپ 2024 میں 9 جون  یعنی کل ہندوستانی ٹیم اور پاکستان کے درمیان زبردست میچ کھیلا گیا۔ نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم 6 رنز سے جیت گئی۔ میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ سات وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف آٹھ میچوں میں ہندوستان  کی یہ ساتویں جیت تھی۔

میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جیت کے ہیرو جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا تھے جنہوں نے گیند سے کھیل کا رخ ہی بدل دیا۔ ایک وقت پاکستان کا اسکور دو وکٹوں پر 72 رنز تھا لیکن اس کے بعد ہندوستانی  گیند بازوں نے زبردست واپسی کی۔ جسپریت بمراہ نے 4 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا نے بھی فخر زمان اور شاداب خان کو آؤٹ کر کے واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ ارشدیپ ہی تھے جنہوں نے میچ کا آخری اوور پھینکا۔ جس میں پاکستان کو 18 رنز بنانے تھے۔


اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں ویراٹ کوہلی کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ کوہلی 4 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما بھی شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ روہت نے 13 رنز بنائے۔ اس کے بعد بائیں ہاتھ کے بلے باز اکشر پٹیل اور رشبھ پنت نے تیسرے وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھالا۔ پٹیل ایک بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں نسیم کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔

اکشر پٹیل کے آؤٹ ہونے کے بعد سوریہ کمار یادو اور رشبھ پنت کے درمیان اچھی شراکت داری رہی۔ ایک وقت بھارت کا سکور تین وکٹوں پر 89 رنز تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اس پچ پر اچھا سکور بنانے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن پاکستانی گیند بازوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بھارت کو مسلسل جھٹکے دیے۔ بھارت نے 30 رنز کے اندر 7 وکٹیں گنوا دیں۔


ہندوستانی ٹیم صرف 19 اوور کھیل سکی اور 119 رنز بنا سکی۔ رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان کی جانب سے رشبھ پنت نے 31 گیندوں میں سب سے زیادہ 42 رنز بنائے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔ پاکستان کی جانب سے اکشر پٹیل نے 18 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنائے، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے حال ہی میں آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس ورلڈ کپ میں یہ ہندوستان کا پہلا میچ تھا جو اس نے 46 گیندیں باقی رہ کر جیت لیا۔ اب کپتان روہت نے پاکستان کے خلاف اس میچ میں بھی وہی میچ جیتنے والی ٹیم کو میدان میں اتارا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی کپتان بابر اعظم نے عماد وسیم کو اپنے پلیئنگ 11 میں انٹری دی۔ جبکہ اعظم خان کو باہر کا راستہ دکھا دیا ۔ واضح رہے کہ اس عالمی  کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو امریکہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ عماد انجری کے باعث اس میچ میں نہیں کھیل سکے تھے۔


ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جب بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئی ہیں، شائقین کو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کل 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ اس میں ہندوستانی ٹیم نے 9 میچ جیتے ہیں جبکہ پاکستان کو 3 میں کامیابی ملی ہے اور ایک میچ ٹائی رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔