ہندوستان نے 40 دنوں کے اندر پاکستان کی 3 الگ الگ کرکٹ ٹیموں کو دی شکست، آج خاتون کرکٹ ٹیم کو ملی آسان جیت
خاتون ایشیا کپ کرکٹ میں آج پاکستان کو ہندوستان نے 7 وکٹ سے شکست دے دی، پاکستان نے جیت کے لیے محض 109 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے ہندوستانی ٹیم نے 3 وکٹ کے نقصان پر 35 گیندیں رہتے ہوئے حاصل کر لیا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلے کا انتظار ہر کسی کو رہتا ہے، خصوصاً کرکٹ کے میدان میں دونوں ٹیموں کو آمنے سامنے دیکھنے کے لیے سبھی بے قرار نظر آتے ہیں۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب ایشیا کپ میں روہت بریگیڈ نے بابر اعظم کی ٹیم کو انتہائی دلچسپ مقابلے میں شکست دی تھی، اور پھر چند روز پہلے کی بات ہے جب ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈس کرکٹ کے فائنل میں انڈیا چمپئنس نے پاکستان چمپئنس کو ہرا کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ اور آج ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کو 7 وکٹ سے ہرا کر شاندار جیت اپنے نام کی۔ گویا کہ 40 دنوں کے اندر ہندوستان کی تین مختلف کرکٹ ٹیموں نے پاکستان کی تین مختلف ٹیموں کو شکست سے دو چار کیا۔
دراصل دامبولا میں آج سے 8ویں خاتون ایشیا کپ ٹی-20 ٹورنامنٹ کی شروعات ہوئی ہے۔ موجودہ چمپئن ہندوستانی ٹیم کو پہلے ہی دن گروپ اے کے اپنے مقابلے میں پاکستان سے سامنا کرنا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2022 کے ایشیا کپ میں بھی ٹکر ہوئی تھی جہاں پاکستان نے ہندوستان کو 3 رنوں سے شکست دی تھی۔ یعنی آج ہندوستانی ٹیم نے اپنا حساب برابر کر لیا۔ آج کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم کبھی بھی جیتتی ہوئی دکھائی نہیں دی۔ شاندار فارم میں چل رہی ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو محض 108 رنوں پر روک دیا، اور پھر 14.1 اوورس میں محض 3 وکٹ کے نقصان پر ضروری ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ان کے بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ ہندوستانی ٹیم کی اسٹار آل راؤنڈر پوجا وستراکر (14 رن پر 2 وکٹ) کی گیندبازی سے پاکستانی بلے بازوں کی بارات نکلنی شروع ہوئی، اور پھر اسپنرس نے مزید کھیل بگاڑ دیا۔ پوجا نے دونوں سلامی بلے بازوں کو سستے میں آؤٹ کیا۔ دیپتی شرما نے 20 رن دے کر 3 وکٹ اور شریانکا پاٹل نے 14 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ پاکستان کی خاتون ٹیم بڑی مشکل سے 19.2 اوورس میں 108 رن بنا سکی۔ سدرا امین نے سب سے زیادہ 25 رن بنائے، جبکہ فاطمہ ثنا نے کچھ تیزی کے ساتھ بلے بازی کی اور 16 گیندوں پر 22 رن کا اسکور کیا۔
جواب میں ہندوستانی ٹیم کی سلامی بلے بازوں نے ایک ایسی شروعات دی جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف وَنڈے، ٹیسٹ اور ٹی-20 سیریز میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اسمرتی مندھانا اور شفالی ورما کی جوڑی نے پھر کمال کی شراکت داری کی اور پہلا وکٹ تب گرا جب ٹیم کی جیت یقینی نظر آنے لگی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 9.3 اوورس میں ہی 85 رن جوڑ دیے اور پاکستان کو مقابلے سے پوری طرح باہر کر دیا۔ اس دوران اسمرتی نے ایک ہی اوور میں 5 چوکے بھی لگائے، حالانکہ وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کر سکیں۔ اسمرتی نے 45 رن بنائے، جبکہ شفالی 40 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ہیم لتا 14 رن بنا کر تب آؤٹ ہوئیں جب ٹیم کو جیت کے لیے محض 7 رنوں کی ضرورت تھی۔ کپتان ہرمن پریت کور (5 رن) اور جمیما روڈرگز (3 رن) ہندوستان کو شاندار جیت دلا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹیں۔ دیپتی شرما کو ان کی شاندار گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔