ہندوستان نےآخری گیند پربنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ جیتا
سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ میں کلدیپ یادو اور کیدار جادھو کی جوڑی نے میچ کی آخری گیند پر آخری رن لے کر بنگلہ دیش کو تین وکٹ سے ہرا کر ساتویں مرتبہ ایشیا کپ جیت لیا۔
فائنل مقابلہ بنگلہ دیش کو 3 وکٹ سے ہرا کر ہندوستان ایشیائی کرکٹ کا چیمپین بن گیا ہے۔ فائنل کا یہ مقابلہ سانسیں روک دینے والا ثابت ہوا اور ہندوستان کو آخری گیند پر جیت ملی۔ کلدیپ یادو اور کیدار جادھو کی شاندار گیند بازی کے بعد ہندوستان نے سنسی خیز مقابلہ میں بنگلہ دیش کو ہراکر ساتویں مرتبہ ایشیا کپ اپنے نام کیا۔
جیت کے لئے 223 کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو آخری دو اوور میں جیت کے لئے 9 رنز درکار تھے۔ لیکن 49 ویں اوور میں تین رنز ہی بن سکے جس کے بعد آخری چھ گیندوں میں جیت کے لئے 6 رنوں کی ضرورت تھی۔ محمود اللہ کے اس اوور کی پہلی گیند پر کلدیپ یادو نے ایک اور دوسری گیند پر کیدار جادھو نے ایک رن لیا۔ تیسری گیند پر کلدیپ نے دو رن لئے لیکن اگلی گیند پر رن نہیں بن سکے۔
اس کے بعد پانچویں اور چھٹی گیند پر ایک ایک رن لے کر کلدیپ اور کیدار نے ہندوستان کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم پر جیت دلا دی۔
جیسے ہی آخری گیند پر کیدار جادھو نے لیگ بائی رن لیا، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں میں غم کا ماحول چھا گیا۔ لیکن دوسری طرف ہندوستانی کھلاڑی جشن میں ڈوب گئے۔ اسٹیڈیم میں موجود ہندوستانی شیدائیوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
جڈیجہ کے آوٹ ہونے کے بعد میدان پر اترے زخمی کیدار جادھو نے بہت سنبھل کر کھیلتے ہوئے اطمینان سے سنگل لینے کو ترجیح دی اور دوسری طرف سے کلدیپ یادو نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس سے قبل کلدیپ اور کیدار کی اسپن جوڑی نے لٹن داس کی سنچری کے باوجود بنگلہ دیش کو 222 رنوں پر سمیٹ دیا تھا۔ بہترین ذاتی کارکردگی کی بنا پر لٹن داس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
ہندوستان کے لئے کپتان روہت شرما نے 55 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ 48 رنز بنائے۔ دنیش کارتک نے 37 اور مہندر سنگھ دھونی نے 36 رنز کا تعاون دیا۔ زخمی ہو جانے کی وجہ سے کچھ دیر میدان چھوڑ کر جانے والے کیدار نے بغیر آؤٹ ہوئے 23 رنز بنائے۔
قبل ازیں، کھلاڑیوں کی چوٹوں سے متاثر بنگلہ دیش کی ٹیم نے بہترین آغاز کیا۔ لٹن داس نے 117 گیندوں میں 121 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو اچھی شروعات دی، لیکن بعد کے بلے باز وں نے ویسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
اوپنر لٹن داس (121) اور مہندی حسن (32) کے درمیان 120 رنوں کی اوپننگ ساجھیداری کے دم پر بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہے بنگلہ دیش کو اس کے تین کھلاڑیوں کے رن آؤٹ اور ہندوستانی گیندبازوں کی شاندار واپسی نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جمعہ کو 48.3 اوور میں 222 رنز پر ہی روک دیا۔
بنگلہ دیش کے 222 رن میں اکیلے 121 رن کی شراکت لٹن کی رہی جنہوں نے کسی بنگلہ دیشی بلے باز کے مقابلے ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے۔ لٹن نے 117 گیندوں پر 121 رن میں 12 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ 23 سالہ لٹن نے اپنے 18ویں میچ میں جاکر اپنی پہلی ون ڈے سنچری بنائی۔ لٹن کو چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو نے مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں اسٹمپ کرایا۔ لٹن 41ویں اوور میں ٹیم کے 188 رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا یہ فیصلہ شروع میں غلط نظر آیا کیوں کہ لٹن اور حسن نے ہندوستانی تیز اور اسپین گیند بازوں کا شاندار طریقے سے مقابلہ کیا۔ اوپننگ جوڑی نے 20.5 اوور میں 120 رن بنا ڈالے تھے لیکن پارٹ ٹائم اسپنر کیدار جادھو نے جیسی ہی حسن کو رائیڈو کے ہاتھوں کیچ کرا کر اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Sep 2018, 9:02 AM