بنگلہ دیش کو شکست دیکر ہندستان بنا ایشیا انڈر-19 چمپئن
بائیں ہاتھ کے اسپنر ارتھو انكولیكر کی 28 رن پر 5 وکٹ کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہندستان کی انڈر-19 ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کے دلچسپ فائنل میں پانچ رن سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔
کولمبو: بائیں ہاتھ کے اسپنر ارتھو انكولیكر کی 28 رن پر پانچ وکٹ کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہندستان کی انڈر -19 ٹیم نے بنگلہ دیش کو یہاں ہفتہ کو ایشیا کپ کے دلچسپ فائنل میں پانچ رن سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔
ہندستانی ٹیم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 32.4 اوور میں ہی پوری ٹیم 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اگرچہ گیند بازوں نے چھوٹے اسکور کا بھی بخوبی دفاع کرتے ہوئے خطرناک گیند بازی کی اور حریف بنگلہ دیش کو 33 اوور میں جیت سے صرف پانچ رن دور 101 پر سمیٹ کر خطاب اپنے قبضے میں کر لیا۔
ہندستان کے چھوٹے اسکور کا دفاع کرنے کا کریڈٹ 18 سال ارتھو انكولیكر کو جاتا ہے جنہوں نے آٹھ اوور کی اپنی گیند بازی میں 28 رن دے کر پانچ وکٹ نکالے۔ ان کے ساتھ ٹیم کے فاسٹ بولر آکاش سنگھ کا بھی بہترین تعاون رہا جنہوں نے پانچ اوور میں 12 رن دے کر تین وکٹ نکالے۔ وديادھر پاٹل کو 25 رنز اور سشانت مشرا کو ایک ایک وکٹ ہاتھ لگا۔
سری لنکا کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا انڈر -19 کے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کی گیند بازی شاندار رہی۔ محض 107 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی بنگلہ دیشی ٹیم کی جانب سے کپتان اکبر علی نے 23 رنز اور مرتضی چودھری نے 21 رن کی بڑی اننگز کھیلی اور ہندستانی گیند بازوں کے سامنے کچھ رن بنائے ۔ تنظیم حسن ثاقب نے 12 رنز اور رقیب الحسن کے 11 رن دیگر بڑے اسکور رہے۔
بنگلہ دیش کا آغاز ہی اتنی خراب رہا کہ اس کے اوپنر تنزید حسن صفر پر آکاش کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد پاٹل نے پرویز حسین امون (5) کو آؤٹ کیا اور محمود الحسن (1)، توحید چودھری (صفر) دونوں آکاش کا شکار بنے۔ شہادت حسین (3) کو ارتھو انكولیكر نے آؤٹ کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کے اوپننگ پانچ بلے باز دہائی کے ہندسے پر پہنچنے سے پہلے ہی پویلین لوٹا دیئے۔
رقیب الحسن 11 رن پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ارتھو انكولیكر نے شاہین عالم کو ہدف سے پانچ رن دور صفر پر بولڈ کرنے کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم کو سمیٹ کر ہندستان کی جیت اور خطاب یقینی کرایا۔ ارتھو انكولیكر کو ان کی اس کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
اس سے پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندستانی ٹیم کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور اس کے ٹاپ تین بلے باز سوید پرکار (4)، ارجن آزاد (0) اور تلک ورما (2) سستے میں پویلین لوٹ گئے اور صرف آٹھ رن کے وقفے پر ہندستان نے اپنے تین وکٹ گنوا دیئے۔ اگرچہ پھر کپتان دھرو جریل نے 33 رنز اور نچلے آرڈر کے کرن لال نے 37 رنز کی مفید اننگز کھیلنے ہوئے ٹیم کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ ششوت راوت نے 19 رنز بنائے اور ٹیم کی جانب سے دہرے ہندسے تک پہنچنے والے محض تیسرے بلے باز رہے۔
ورون لاوڈے (0)، ارتھو (2)، سشانت مشرا (3) اور وديادھر پاٹل (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے چودھری نے کرن لال (37) کو آؤٹ کر ہندستانی اننگز 33 رنز کی دو گیند باقی رہتے 106 پر سمیٹ دی۔ بنگلہ دیش کے لیے چودھري نے 7.4 اوور میں 18 رن دے کر تین وکٹ اور شمیم حسین نے چھ اوور میں 8 رنز دے کر تین وکٹ نکالے۔ تنظیم حسن ثاقب کو 22 رنز اور شاہین عالم کو 26 رن پر ایک ایک وکٹ ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔