ہندوستان نے گواہاٹی وَنڈے میں سری لنکا کو 67 رنوں سے شکست دے کر حاصل کی سیریز میں 0-1 کی برتری
ہندوستانی ٹیم نے 50 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 373 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جواب میں سری لنکائی ٹیم نے 8 وکٹ کے نقصان پر محض 306 رن ہی بنا سکی۔
گواہاٹی کے برساپارا اسٹیڈیم میں منگل کے روز ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تین وَنڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا۔ اس مقابلے میں ہندوستان نے وراکٹ کوہلی اور عمران ملک کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے سری لنکا کو 67 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت سے ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے 50 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 373 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جواب میں سری لنکائی ٹیم نے 8 وکٹ کے نقصان پر محض 306 رن ہی بنا سکی۔ سری لنکا کی طرف سے کپتان داسن شناکا نے ناٹ آؤٹ 108 رن بنائے، جبکہ پتھم نسنکا نے 72 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی طرف سے عمران ملک نے سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے، جبکہ محمد سراج نے 2 وکٹ حاصل کیے۔ محمد سمیع، یجویندر چہل اور ہاردک پانڈیا نے 1-1 وکٹ اپنے نام کیے۔
ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے سری لنکا کو پاور پلے میں 38 رنوں پر ہی دو شروعاتی جھٹکے لگ گئے تھے۔ محمد سراج نے اویشکا فرنانڈو کو 5 رن اور کسل مینڈس کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد سلامی بلے باز پتھم نسنکا اور چرتھ اسلنکا نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان 51 گیندوں پر 41 رن کی شراکت داری ہوئی تھی جب عمران نے اسلنکا کو 23 رن کے ذاتی اسکور پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ حالانکہ بعد میں پتہ چلا کہ گیند بلے کی جگہ تھائی پر لگ کر کیپر کی طرف گئی تھی۔
پانچویں نمبر پر آئے دھننجے ڈیسلوا نے نسنکا کے ساتھ مل کر سری لنکا کے لیے کچھ امیدیں ضرور جگائیں اور دونوں نے مل کر تیز رفتار سے رن بھی بٹورنے شروع کیے، لیکن محمد سمیع نے 65 گیندوں میں 72 رنوں کی بنی اس شراکت داری کو اس وقت توڑا جب دھننجے 47 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سری لنکا ہدف سے کافی دور جاتا نظر آیا کیونکہ عمران اور چہل نے نسنکا اور وانندو ہسرنگا کو پویلین بھیج کر سری لنکا کی بچی کھچی امیدیں ختم کر دی تھیں۔ عمران نے ویلیج کو بھی صفر پر آؤٹ کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے سری لنکا نے 32.2 اوور میں ہی 179 رن پر 7 وکٹ گنوا دیے تھے۔
اس درمیان کپتان داسن شناکا اور چمیکا کرونارتنے نے ٹیم کو 200 کے پار پہنچایا۔ لیکن ہاردک پانڈیا نے کرونارتنے کو 14 رن کے نجی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اب دوسرے سرے سے کپتان شناکا نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کرنا شروع کر دیا۔ انھوں نے 50 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ آخر میں رجیتھا کے ساتھ شناکا نے بہترین شراکت داری کی اور زیادہ سے زیادہ گیند خود کھیلنے کی کوشش کی۔ کپتان نے 87 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کر لی اور رجیتا کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کے لیے 73 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 100 رنوں کی شراکت داری بھی کی۔ حالانکہ ہندوستان نے اتنا بڑا اسکور کھڑا کر دیا تھا کہ شناکا سری لنکائی ٹیم کی شکست کو ٹال نہیں سکے۔ کپتان شناکا نے 88 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 108 رن کی اننگ کھیلی۔ انھوں نے 12 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ کسن رجیتھا 19 گیندوں پر 9 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بہرحال، آج حاصل ہوئی جیت کے ساتھ ہندوستان نے تین میچوں کی وَنڈے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ وراٹ کوہلی کو ان کی ناٹ آؤٹ سنچری کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شبھمن گل نے پاور پلے میں تیز طرار بلے بازی شروع کرتے ہوئے ایک مضبوط بنیاد رکھ دی تھی۔ روہت شرما نے 83 رن اور شبھمن گل نے 70 رن بنائے۔ دونوں کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 143 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ بعد ازاں وراٹ کوہلی نے بھی شروع سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا۔ انھوں نے 87 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 113 رنوں کی اننگ کھیلی۔ سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ 3 وکٹ رجیتھا نے لیے۔ مدوشنکا، کرونارتنے، شناکا اور ڈی سلوا کو 1-1 وکٹ ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔