ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی-20 میچ میں 38 رن سے شکست دی، 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری
ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں 5 وکٹ پر 164 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور پھر شاندار گیندبازی کی بدولت میزبان ٹیم کو 18.3 اوور میں 126 رن پر نمٹا کر 38 رن سے جیت حاصل کی
کولمبو: سوریہ کمار یادو کی نصف سنچری اور کپتان شکھر دھون کے 46 رن کی شاندار بلے بازی سے ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 164 رن کا چیلنجنگ اسکور بنانے کے بعد بھونیشور کمار کی قیادت میں شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 18.3 اوور میں 126 رن پر نمٹا کر 38 رن سے جیت حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی۔
سری لنکا کی طرف سے چرت آسلانکا نے 26 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جبکہ اوپنر ایوشکا فرنینڈو نے 23 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ ہندوستان نے ڈیتھ اوورز میں عمدہ گیندبازی کی اور 15 رنز کے وقفے میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ بھونیشور نے 22 رنز دے کر چار وکٹیں جبکہ دیپک چاہر نے 24 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا ورون چکرورتی ، ہاردک پانڈیا ، کرنال پانڈیا اور یوزویندر چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس گنوانے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور سلامی بلے باز پرتھوی شا میچ کی پہلی ہی گیند پر دشمنت چمرا کا شکار بنے۔ شیکھر اور سنجو سیمسن نے دوسری وکٹ کے لئے 51 رنز جوڑے۔ سیمسن نے 20 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بناکر وانیدو ہسارنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ شیکھر نے پھر سوریہ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے 62 رنز کا اضافہ کیا۔ شیکھر کو سی کرونارتنے کی گیند پر ایشین بنڈارا نے آوٹ کیا۔ شیکھر نے 36 گیندوں پر 46 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
سوریہ کمار یادو نے اپنی فارم جاری رکھی اور نصف سنچری اسکور کی لیکن جلد ہی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ، وہ ہسارنگا کی گیند پر متبادل پلیئر رمیش مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سوریہ نے 34 گیندوں میں 50 رنز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔
آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ، 12 گیندوں پر 10 رنز بنا کرچمیرا کی گیندپر منودبھانوکا کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ ایشان کشن نے ایک چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 گیندوں پر ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے اور ہندوستان کو 164 تک پہنچا دیا۔ سری لنکا کی طرف سے چمیرا اور ہسارانگا نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی اننگز میں چار وکٹ حاصل کرنے والے بھونیشور کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔