ہندوستان نے انگلینڈ سے جیتی 2۔1 سے ون ڈے سیریز
ہندوستان نے اس طرح انگلینڈ سے چار میچوں کی ٹسٹ سیریز 3۔1 سے، پانچ میچوں کی ٹی۔ 20 سیریزی 3۔2 سے اور تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2۔1 سے جیتی۔
پنے: نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت (78) کی کیریر کی بہترین اننگز اور اوپنر شکھر دھون (67) اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا (64) کی شاندار نصف سنچری اور تیز گیند باز بھونیشور کمار اور شاردل ٹھاکر کی بہترین گیند بازی سے ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف اتوار کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں سات رن سے جیت حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز 2۔1 سے اپنے نام کرلی۔
ہندوستان نے اس طرح انگلینڈ سے چار میچوں کی ٹسٹ سیریز 3۔1 سے، پانچ میچوں کی ٹی۔ 20 سیریزی 3۔2 سے اور تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2۔1 سے جیتی۔ ہندوستان نے 48.2 اوور میں 329 رن کا مضبوط اسکور بنانے کے بعد انگلینڈ کے چیلنج کو 50 اووور میں نو وکٹ پر 322 رن پر روک دیا۔ سیم کیرن نے 93 گیندوں پر نو وکٹ اور تین چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 95 رن کی بہترین اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو جیت کی منزل تک نہیں پہنچا سکے، لیکن انہوں نے ون ڈے میں کسی آٹھویں نمبر کے بلے باز کا سب سے زیادہ اسکور ضرور بنا لیا۔ ان کے ساتھ ریس ٹوپلے ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کیرن کو ان کی شاندار اننگز کے لئے پلیر آف دی میچ کا انعام ملا۔ انگلینڈ کے جانی بیرسٹوں پلیئر آف دی سیریز بنے۔
ہندوستان کی طرف سے ٹھاکر نے 67 پر چار وکٹ اور بھونیشور نے 42 رن پر تین وکٹ لئے۔ سی نٹراجن کو 73 رن پر ایک وکٹ ملا لیکن نٹراجن نے اننگز کا سب سے اہم آخری اوور پھینکا۔ جس میں انہوں نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 14 رن نہیں بنانے دیئے۔ ہندوستانی فاسٹ با لر بھونیشور کمار نے اپنے پہلے دو اوورز میں انگلینڈ کے دو بلے باز جیسن رائے اور جانی بیئرسٹو کوپویلین بھیج کر ہندوستان کی فتح کی راہ ہموار کردی۔ آخری میچ میں نصف سنچری بنانے والے جیسن رائے اس بار تین چوکوں کی مدد سے چھ گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آخری میچ میں نصف سنچری بنانے والے بیئرسٹو چار گیندوں میں ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بین اسٹوکس اور ڈیوڈ میلان نے تیسری وکٹ کے لئے 40 رنز کا اضافہ کرکے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر ٹی نٹراجان نے اسٹوکس کو شیکھر دھون کے ہاتھوں کیچ دے کر ہندوستان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہٹا دی۔ اسٹوکس نے 35 گیندوں پر 39 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ڈیوڈ ملان نے اپنے کپتان جوس بٹلر کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 27 رن کا اضافہ کیا تھا کہ ٹھاکر نے بٹلر کو ایل بی ڈبلیو کیا اور انگلینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔ بٹلر 15 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ انگلینڈ کی چوتھا وکٹ 95 کے اسکور پر گرا۔
یہ بھی پڑھیں : ’بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنے اوپر خود ہی حملہ کروایا‘
ہندوستان نے یہ میچ جیت تو لیا لیکن کیرن ایک بار ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور بھارتی بالروں کے ماتھے کو پسینہ لے آئے۔ ہندوستان نے 49 ویں اوور میں ہاردک پانڈیا کی لگاتار گیندوں پر مارک ووڈ اور سیم کیرن کے کیچ چھوڑے۔ ہندوستان نے آخری اوور میں پہلی گیند پر مارک ووڈ کو رن آؤٹ کرکے اپنا راستہ صاف کرلیا۔ کیرن نے نٹراجن کی پانچویں گیند پر چوکا لگایا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ نٹراجن کی اننگز کی آخری گیند پرکوئی رن نہیں بن سکا اور ہندوستان نے سات رنز سے حیرت بھری جیت اپنے نام کی جبکہ انگلینڈ نے پچھلے 15 سالوں میں چھٹی بار ہندوستان میں ون ڈے سیریز ہاری۔ کیرن کو ان کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔