ٹیم انڈیا نے ملک کو دیا نئے سال کا تحفہ، آسٹریلیا میں 137 رنوں سے تاریخی جیت

چار ٹیسٹ کی سیریز میں ہندوستان اب 2-1 سے آگے ہو گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ایڈیلیڈ کے پہلے ٹیسٹ میں جیت حاصل کی تھی لیکن پرتھ میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر / @BCCI
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان نے اتوار کو پانچویں اور آخری دن صبح کا سیشن بارش سے دھل جانے کے باوجود آسٹریلیا کے بچے ہوئے باقی دو وکٹ جلدی نکالتے ہوئے تیسرا ٹسٹ 137 رنز سے جیت کر چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری بنا لی اور بارڈر-گواسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔

میلبورن: میلبورن ٹیسٹ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا پر 137 رنوں سے جیت درج کر لی ہے۔ میچ کے پانچویں اور آخری دن آج آسٹریلیا کی ٹیم 261 رنوں پر سمٹ گئی۔

آسٹریلیا نے 399 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے اختتام تک آٹھ وکٹ پر 258 رن بنا کر ہندوستان کا انتظار بڑھا دیا تھا۔ پانچویں دن صبح کا سیشن بارش کی وجہ سے دھل گیا جس سے خدشات پیدا ہونے لگےتھے لیکن جیسے ہی کھیل شروع ہوا ہندوستانی تیز گیند بازوں نے آسٹریلیا کی اننگز کو 261 رن پر سمیٹ کر ہندوستان کی جھولی میں تیسری تاریخی جیت ڈال دی۔ ہندوستان نے 4.3 اوور میں بچے ہوئے دونوں وکٹ نکال کر میزبان ٹیم کی جدو جہد کا خاتمہ کر دیا۔

میزبان ٹیم کے آخری دو وکٹ پیٹ کمنس اور ناتھن لیون کے طور پر گرے۔ جہاں کمنس کو 63 رن کے نجی اسکور پر جسپریت بمراہ نے چیتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کرایا وہیں آخری وکٹ کے طور پر لیوں (7) ایشانت شرما کا شکار بنے۔ لیون کا کیچ وکٹ کیپر رشبھ پنت لے لپکا۔ ہندوستانی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ہی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

ہندوستان کی جیت میں تیز گیند باز جسپرت بمراہ کا اہم کردار رہا، جنہوں نے پہلی اننگ میں 6 وکٹ لینے کے بعد دوسری اننگ میں تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بمراہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آسٹریلیوی ٹیم 89.3 اوور میں 261 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 137 رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

ہندوستان نے 37 سال کے طویل وقفہ کے بعد میلبورن میں ٹسٹ جیت لیا، اس نے آسٹریلیا میں 40 سال بعد کسی ٹیست سیریز میں دو ٹیسٹ جیتے اور آسٹریلیا میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ پہلی بار جیتا۔ ہندوستان کی اس کے ساتھ ہی اپنی ٹیسٹ تاریخ میں یہ 150 ویں جیت ہے۔

میچ کے آخری دن جب بارش کی وجہ سے کھیل مقررہ وقت پر شروع نہیں ہوا پایا تھا تو یہ خدشہ تھا کہ کہیں ہندوستان جیت سے محروم نہ ہو جائے۔ بہر حال بارش کے بعد کھیل شروع ہوا اور ہندوستانی گیندبازوں نے آسٹریلوی اننگ کو ختم کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔ جوش ہیزلووڈ بغیر کوئی رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کے لئے جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجا نے تین تین وکٹ حاصل کئے جبکہ ایشانت شرما اور محمد سمع نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔

چار ٹیسٹ کی سیریز میں ہندوستان اب 2-1 سے آگے ہو گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ایڈیلیڈ کے پہلے ٹیسٹ میں جیت حاصل کی تھی لیکن پرتھ میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Dec 2018, 9:10 AM