چنئی میں ہند-بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ شروع، ٹیم انڈیا کو ابتدائی جھٹکے
ہندوستانی ٹیم نے 3 تیز گیندبازوں اور 2 اسپنروں کو جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم نے 3 تیز گیندبازوں اور 2 ہرفن مولا کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج (19 ستمبر) سے چنئی میں شروع ہوگیا ہے۔ اس میں ہندوستانی ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے جبکہ بنگلہ دیش کی کپتانی نجم الحسن شانتو کر رہے ہیں۔ خبر کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ٹیم انڈیا زبردست مشکل میں پھنس گئی اور اس کے شروع کے تین بلے باز جلدی جلدی آؤٹ ہوگئے جس میں روہت (6)، گل (0) اور کوہلی (6) شامل ہیں۔
کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ پچ پر نمی ہے اور وہ ان حالات کا فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ پہلے سیشن میں تیز گیند بازوں کو مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد ٹیم کی خود اعتمادی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے۔
دوسری طرف ہندوستانی کپتان روہت شرما کی بھی پسند ٹاس جیتنے کے بعد پہلے گیند بازی ہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حالات کافی چیلنجنگ ہیں لیکن ہم نے اچھی تیاری کی ہے۔ آنے والے 10 ٹیسٹ میچ انتہائی اہم ہیں اور ہم یہاں اپنا توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ہم نے یہاں ایک ہفتہ رہ کر اچھی تیاری کی ہے اور وہ سب کیا ہے جو کرنا چاہیے تھا۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی گیند بازوں کی بات کی جائے تو ٹیم میں 3 تیز گیندباز اور 2 اسپنر کو جگہ ملی ہے۔ تیز گیندبازوں میں آکاش دیپ، جسپریت بمرہ اور محمد سراج جبکہ اسپن گیندبازوں میں آر اشون اور رویندر جڈیجہ کو موقع ملا۔ وہیں بنگلہ دیش نے بھی 3 تیز گیندباز اور 2 ہرفن مولا کھلاڑیوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم:
روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون، جسپریت بمرہ، آکاش دیپ اور محمد سراج۔
بنگلہ دیشی ٹیم
شادمان اسلام، ذاکر حسن، نجم الحسن شانتو (کپتان)، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن معراج، تسکین احمد، حسن محمود، ناہید رانا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔