تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستانی بلے بازوں نے کیا مایوس، 78 رن پر پوری ٹیم آؤٹ

انگلینڈ کی طرف سے جیمس اینڈرسن نے ہندوستان کو شروعاتی تین جھٹکے دیے، جس کے بعد رابنسن، کرن اور اوورٹن نے بالترتیب 3، 2 اور 2 وکٹ لے کر ہندوستان کی حالت پست کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم لارڈس میں فتح حاصل کرنے کے بعد جس جوش کے ساتھ لیڈز میں تیسرا ٹیسٹ کھیلنے اتری تھی، وہ سارا جوش چند گھنٹوں میں ہی ختم ہوتا ہوا نظر آ گیا۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے حالانکہ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن جیمس اینڈرسن کے پہلے ہی اوور میں کے ایل راہل کے آؤٹ ہونے سے جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا، تو 78 رن بننے تک یہ جاری رہا۔

ہندوستان کی ناقص بلے بازی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 9 کھلاڑی دو ہندسہ میں بھی نہیں پہنچ پائے۔ صرف روہت شرما نے 105 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سب سے زیادہ 19 رن بنائے، اور پھر نائب کپتان اجنکیا رہانے نے 54 گیندوں پر 18 رن کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ سبھی نے مایوس کیا۔ تین کھلاڑی تو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اور کپتان وراٹ کوہلی بھی محض 7 رن بنا پائے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ شروع کے جو پانچ وکٹ گرے ان کا کیچ وکٹ کیپر جوس بٹلر نے لیا۔


جہاں تک انگلینڈ کی گیندبازی کا سوال ہے، اینڈرسن نے شروع کے تین وکٹ جلدی جلدی لے کر ہندوستان کی حالت پست کر دی۔ اور پھر اس کے بعد اولی رابنسن نے 3 وکٹ، سیم کرن نے 2 وکٹ، اور کریگ اوورٹن نے 2 وکٹ لے کر 40.4 اوور میں ہی پوری ہندوستانی ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ ایشانت شرما 8 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پھر جب انگلینڈ کی بلے بازی شروع ہوئی تو ہندوستانی گیندبازوں سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلدی جلدی وکٹ گرائیں گے، لیکن ایسا کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔ حسیب حمید اور روڑی برنس نے ہندوستانی گیندبازوں کا اچھی طرح سامنا کیا اور دونوں نے ہی نصف سنچری مکمل کی۔ چند ایک کیچ ہندوستانی فیلڈروں کے ذریعہ ضرور چھوٹے، لیکن انگلش اوپنروں نے جس طرح کی بلے بازی کی وہ سیریز میں اب تک دیکھنے کو نہیں ملی تھی۔ حسیب نے خصوصی طور پر اپنے کھیل سے سبھی کو متاثر کیا جو خراب گیندوں پر بلاخوف بڑے شاٹ لگا رہے تھے۔ جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کا اسکور بغیر کوئی وکٹ گرے 120 رن پہنچ چکا تھا اور حسیب حمید نے 130 گیندوں پر 60 رن، جب کہ روڑی برنس نے 125 گیندوں پر 52 رن بنا لیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔