عالمی کپ: سبھی کی نگاہیں مانچسٹر کے آسمان پر، ہندوستان کے لیے آ رہی اچھی خبر

محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی ہے کہ مانچسٹر میں آج دن بھر بدلی چھائی رہے گی اور ہلکی بارش ضرور ہوگی لیکن ٹیم انڈیا کو پوری بلے بازی کا موقع ملنے کا امکان زیادہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سبھی کرکٹ شیدائی مانچسٹر کے موسم کی حالت ہر لمحہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سبھی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ کیا مانچسٹر میں آج (بدھ) بھی بارش ہوگی؟ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا پہلا سیمی فائنل میچ مکمل ہو پائے گا یا نہیں؟ انگلینڈ کے مانچسٹر میں موجود لوگ اور ہندوستانی کرکٹ شائقین کی نگاہیں آسمان پر ہی ٹکی ہوئی ہیں اور دعائیں ہو رہی ہیں کہ آج موسم ٹھیک رہے۔ دعائیں یہ بھی ہو رہی ہیں کہ میچ پورے 50 اوور کا کھیلا جائے تاکہ ہندوستان کو کسی مشکل ہدف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ویسے مانچسٹر سے اس وقت ہندوستان کے لیے اچھی خبر موصول ہو رہی ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق مانچسٹر میں آج دن بھر بدلی چھائی رہے گی اور ہلکی بارش ضرور ہوگی لیکن ٹیم انڈیا کو پوری بلے بازی کا موقع ملنے کا امکان زیادہ ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ ڈکورتھ لوئس قانون (ڈیل ایل ایس) استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔


محکمہ موسمیات نے بھی مانچسٹر واقع اولڈ ٹریفرڈ کے بارے میں ہندوستان کے لیے اچھی خبر دی ہے۔ اس کے مطابق آج 10 فیصد ہی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانچسٹر میں دھوپ نکلی رہے گی اور 12 بجے دوپہر کے علاوہ 5 بجے شام میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس بارش کے باوجود 50 اوور کا کھیل پورا ہونے کی پوری امید ہے۔


واضح رہے کہ کل جس وقت بارش کے سبب کھیل روکا گیا تھا، اس وقت تک نیوزی لینڈ نے 46.1 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 211 رن بنالئے تھے۔ بھونیشور کمار اپنے اوور کی دوسری گیند کرنے ہی جا رہے تھے کہ بارش نے کھیل روک دیا۔ اس کے بعد بارش رک رک کر ہوتی ہی رہی۔ آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ مقابلہ ریزرو ڈے میں دوبارہ شروع کیاجائے گا۔ آج جب کھیل شروع ہوگا تو نیوزی لینڈ ٹیم اپنی پاری وہیں سے شروع کرے گی جہاں پر ختم ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے 50 اوور بلے بازی کرنے کے بعد ہی ہندوستانی بلے باز کھیلنے میدان پر اتریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔