آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: وراٹ کی دوسری پوزیشن برقرار، بمراہ نویں پوزیشن پر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ جسپریت بمراہ بولرز میں نویں پوزیشن پر آگئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ جسپریت بمراہ بولرز میں نویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ یہ آئی سی سی ٹیسٹ درجہ بندی منگل کو جاری کی گئی ۔

بلے بازوں کی فہرست میں وراٹ 886 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلیائی اسٹیون اسمتھ 911 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ وراٹ کے علاوہ چیتشور پجارا اور اجنکیا رہانے بھی ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ پجارا 766 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور رہانے 726 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہیں۔


آل راؤنڈرز کی فہرست میں رویندر جڈیجا 397 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور روی چندرن اشون 281 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ بالرز کی فہرست میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ ایک پائدان اوپر چلے گئے اور دوسرے نمبر پر اور جیمز اینڈرسن دو پوزیشن چڑھ کر 14 نمبر پر آگئے ہیں۔ ان دونوں نے ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 236 رنز پر روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عباس دو مقامات کی چھلانگ کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اکتوبر 2018 میں وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔ پاکستان کے بلے باز بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی سب سے بہترین پانچویں رینکنگ دوبارہ حاصل کرلی ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 47 رنز بنا کر اس مقام پر واپس آئے ہیں۔ اس سال فروری میں بھی وہ پانچویں نمبر پر تھے۔ بلے بازوں کی اس فہرست میں پاکستان کے عابد علی 49 ویں اور محمد رضوان 75 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، آسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، انگلینڈ 279 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 153 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔